اسلام آباد جانیوالے راستے بند، لاہور میں رینجرز تعیناتی کا فیصلہ، ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب

May 24, 2022


ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ اسلام آباد جانیوالے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں، جبکہ لاہور میں رینجرز تعینات کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تمام اضلاع کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت اسلام آباد جانیوالی ٹرانسپورٹ بند کردی گئی ہے۔

پنجاب حکومت نے امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر صوبے میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا ہے کہ کوئی بھی فرد لانگ مارچ میں ضلع سے باہر نہیں نکل سکےگا، تمام ٹرانسپورٹر کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

کوئی ٹرانسپورٹر اپنی گاڑی لانگ مارچ کے شرکاء کو نہیں دے گا۔

خیبرپختونخوا کا پنجاب سے رابطہ منقطع

صوبہ خیبرپختونخوا کا بھی پنجاب سے رابطہ منقطع کردیا ، جی ٹی روڈ کو اٹک خورد کے مقام پر کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔

اٹک خورد پل کو دونوں اطراف سے بند کرکے جی ٹی روڈ بند کیا گیا ہے، موٹروے ایم 1 کو اسلام آباد جاتے ہوئے صوابی کے مقام پر بند کیا گیا ہے۔

موٹروے لاہور سے راوی ٹول پلازہ پر بھی کنٹینرز رکھ کر بند کی گئی ہے۔

دوسری جانب سندھ بھرمیں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144نافذ کردی گئی، پانچ سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد، کسی بھی اجتماع یا مظاہرے پر بھی پابندی ہوگی۔