اُنگلی پر نقلی نشان نہ لگاؤ، بچوں کو پولیو کے قطرے پلاؤ

May 25, 2022

کراچی (جنگ نیوز) ہم پولیو کے خاتمے کے بہت قریب پہنچ گئے تھے لیکن پھر بے احتیاطی ہوئی اور تین کیسز سامنے آگئے۔ تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ پولیو کے بعد بچوں کی اُنگلیوں پر نشان لگائے جاتے ہیں مگر اکثر گھرانوں نے بچوں کی اُنگلیوں پر جعلی نشان لگائے لیکن کسی نے نہیں سوچا کہ یہ ”دھوکا“ ہم کسی اور کو نہیں بلکہ اپنے بچوں کی صحت کو دے رہے ہیں۔ خدا را! اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں، اُنہیں زندگی بھر کی معذوری سے بچائیں اور اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں۔بچوں کی اُنگلی پر ویکسین کا جعلی نشان لگانا کہیں اُن کی اصلی معذوری کی وجہ نہ بن جائے۔ عوام الناس کو یہ خصوصی پیغام میر خلیل الرحمان فاؤنڈیشن (MKR) کی جانب سے دیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ جنگ دی نیوز اور جیو ٹی وی نیٹ ورک (جنگ گروپ) کے تمام چینلز اور اخبارات میں بھی انسداد پولیو مہم کے حوالے سے خصوصی آگہی مہم شروع کردی گئی ہے جس کے ذریعے پولیو کے حوالے سے شعور اور آگہی پھیلائی جارہی ہے۔ ”کل کو آج ہی بچالو“ کے عنوان سے نشر کی جانے والی اس مہم میں بارہا بتایا جارہا ہے کہ ”بچوں کی اُنگلی پر نقلی نشان نہ لگاؤ، بچوں کو ویکسین پلاؤ“ اس مہم کے ذریعے گھر کے سربراہان کو بھی باخبر کیا جارہا ہے کہ پولیو ویکسین ہمارے بچوں کی قوت مدافعت بڑھا کر اُنہیں مضبوط بنا کر ”پولیو“ کی بیماری سے بچاتی ہے لہٰذا پولیو ورکرز کیلئے ہر بار اپنے گھر کا دروازہ کھولیں۔ اس حوالے سے ایک خصوصی ویڈیو پیغام بھی تیار کیا گیا جو جیو نیٹ ورک پر نشر کیا جار ہا ہے۔ یاد رکھیں کہ پولیو ایک لا علاج بیماری ہے جو ہماری آنے والی نسل کو معذوری میں مبتلا کرکے اُن کا مستقبل تباہ برباد کررہی ہے۔ بچوں کی صحت اور مستقبل کو محفوظ بنانے کا واحد راستہ پولیو ویکسین ہی ہے لہٰذا نومولود سے لیکر پانچ سال کی عمر تک کے ہر بچے کو پولیو کے قطرے بار بار اور لازمی پلوائیں تاکہ ہم آئندہ نسل کو اپاہج ہونے سے بچا سکیں۔ دریں اثناء کراچی سمیت سندھ بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے جس میں 80 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ وہ اِس سنہری موقع سے ایک بار پھر فائدہ اُٹھائیں اور بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں تاکہ ہم اُنہیں ایک بہتر خوشحال، صحت مند مستقبل دے سکیں۔ پولیو کے مکمل خاتمے تک ہم سب کو یہ قومی فریضہ ادا کرنا ہے۔