یوکرین کو راکٹ سسٹم سمیت مزید اسلحہ دیں گے، امریکا

June 24, 2022

فائل فوٹو

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکا یوکرین کو راکٹ سسٹم سمیت مزید اسلحہ فراہم کرے گا۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کو 450 ملین ڈالر مالیت کا مزید اسلحہ دے رہے ہیں۔

دوسری جانب غیر ملکی ویب سائٹ کا گزشتہ روز اپنی خبر میںکہنا تھا کہ امریکا سے بھیجا گیا طویل فاصلے تک مار کرنے والا ہائی موبیلٹی آرٹلری راکٹ سسٹمز (ہیمارس) یوکرین پہنچ گیا ہے۔

ویب سائٹ کے مطابق یہ طاقتور ہتھیاروں کا ایک نظام ہے، اس سے کیف کو امید ہے کہ روس کے حملے کا رخ موڑنے میں مدد مل سکتی ہے۔

یوکرین کے وزیر دفاع اولیکسی ریزنیکوف نے ہیمارس کی آمد کے بارے میں ٹوئٹ کیا تھا کہ ’ان طاقتور آلات پر میرے امریکی ساتھی اور دوست وزیر دفاع لائیڈآسٹن کا شکریہ! روسی قابضین کے لیے موسم گرما گرم رہے گا‘۔