بشکیک میں طلبہ گروپوں میں لڑائی کے بعد صورتحال پُرسکون

May 18, 2024

کرغزستان کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ غیرملکی میڈیا غلط معلومات پھیلا رہا ہے۔

کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں طلبہ گروپوں میں گذشتہ رات کی لڑائی کے بعد صورتحال اب پُرسکون ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق بشکیک میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے 2700 پولیس اہلکار تعینات ہیں، رضاکار فورس کے ایک ہزار اہلکار بھی شہر میں گشت کر رہے ہیں۔

کرغزستان کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ غیرملکی طلبا کے خلاف رات کو شروع ہونے والا احتجاج آج صبح ختم ہو گیا، ہولیس نے مظاہرین سے معاہدے کے بعد علاقہ کلیئر کرا دیا تھا۔

وزارت خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ غیرملکی میڈیا غلط معلومات پھیلا رہا ہے، صرف کرغز حکام سے مستند معلومات لی جائیں۔

کرغز وزارت صحت کے مطابق طلبا فسادات میں 29 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بشکیک میں طلبا ہاسٹل میں 13 مئی کو ہونے والے جھگڑے پر 4 مصری شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔