عمران خان کے وژن کو گھر گھر پہنچانا میرا مشن ہے، کامران بنگش

June 25, 2022

پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش ، اے این پی کے بعد پیپلز پارٹی کے بھی سینکڑوں کارکنان پاکستان تحریک انصاف میں لے آئے. سیاسی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کامران بنگش کی کوششوں سے یونین کونسل 8پشاور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے یوتھ کونسلر امیدوار بشارت حسین نے ساتھیوں سمیت PTI میں شمولیت اختیار کرلی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں، پی کے 77پشاور میں صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش کی سیاسی سرگرمیوںا ور کاوشوں کی بدولت پی پی پی، جے یو آئی اور اے این پی کے سینکڑوں کارکنان نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا کہ یوسی 8 پشاور میں بھی پی ٹی آئی نے میدان مار لیا ہے. انتہائی نچلی سطح پر سیاسی شعور و بیداری پر کام کر رہے ہیں. انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وژن کو گھر گھر پہنچانا میرا مشن ہے. پی کے 77 میں ایک ہی نعرہ ہے عمران خان ہمارا ہے۔ شمولیت اختیار کرنے والے نئے کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے صوبائی وزیر کامران بنگش نے کہا کہ انشا ء اللہ ورکرز کبھی مایوس نہیں ہوں گے۔