550 لیٹر سے زائد ملاوٹ شدہ دودھ کو تلف کر دیا گیا، ضلعی انتظامیہ

June 28, 2022

پشاور ( وقائع نگار )صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کر تے ہوئے ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کرنے پراندرون شہر بازاروں سے 6 شیر فروشوں کو گرفتارکرتے ہوئے550 لیٹر سے زائد ملاوٹ شدہ دودھ کو تلف کر دیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاورشفیع اللہ خان کی ہدایت پرایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرسلیم ایوبی نے نے محکمہ لائیو سٹاک کے ویٹرینری سپر وائزہ نعیم الحسن کے ہمراہ اندرون شہر بازاروں میں شیر فروشوں کی دکانوں میں دودھ کا لائیو سٹاک کی جدیدموبائل لیبارٹری کے ذریعے تجزیہ کیا۔لیبارٹری رپورٹ میں دودھ میں پانی کی وافر مقدارکی ملاوٹ ثابت ہونے پر 6 شیرفروشوں کو گرفتار کرکے 550 لیٹر سے زائد ملاوٹ شدہ دودھ کو تلف کر دیا اورتین دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر پشاورنے انتظامی افسران کو پشاور بھر میں شیرفروشوں کی دکانوں میں دودھ کا معائنہ کر نے کا حکم دیا ہے اور ملاوٹ ثابت ہونے پر سخت قانونی کاروائی کی ہدایت کی ہے۔جبکہ ان گرفتار افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔