بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو لیک، سوشل میڈیا ہیڈ کو غداری کے بیانیے کی ٹرینڈنگ کی ہدایات

July 02, 2022

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی، جس سےمعلوم ہوا کہ اپنے مخالفین کے خلاف پی ٹی آئی کے غداری کے بیانیے کے پیچھے بشریٰ بی بی کا ہاتھ ہے۔

اس مبینہ آڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ بشریٰ بی بی نے ہی غداری کا بیانیہ بنانے کی ہدایت کی، جبکہ بشریٰ بی بی نے یہ بھی ہدایت کی کہ فرح گوگی کیس غداری کے بیانیے میں گڈمڈ کردیا جائے۔

مبینہ آڈیو میں بشریٰ بی بی تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ہیڈ ارسلان خالد کو ہدایات جاری کرتی سنی جاسکتی ہیں کہ جو لوگ پی ٹی آئی چھوڑ رہے ہیں ان کے خلاف کیسی مہم چلائی جائے۔

اس ٹیلیفونک گفتگو کے دوران بشریٰ بی بی ارسلان خالد نامی اس شخص سے پوچھتی ہیں کہ "آپ لوگ سوشل میڈیا پر ایکٹیو کیوں نہیں ہیں؟ خان صاحب نے آپ سے غداری کا ہیش ٹیگ استعمال کرنے کا کہا تھا۔"

جب یہ شخص وجہ بتانے کی کوشش کرنے لگتا ہے تو بشریٰ بی بی کہتی ہیں کہ "اچھا میری بات سنیں، یہ علیم خان جیسے جتنے بھی لوگ ہیں، جو میرے اور خان صاحب کے بارے میں بولتے ہیں، انہوں نے آگے اس سے بھی زیادہ گند ڈالنا ہے میرے ساتھ موجود اس بچی فرح کے بارے میں۔"

سابق خاتون اول ہدایت دیتی ہیں کہ "آپ نے اس کا کوئی ایشو نہیں بنانا، آپ کو ان سب چیزوں کو غداری کے ساتھ لنک کردینا ہے، کیونکہ علیم خان اور دیگر لوگ بولیں گے، یہ سب منصوبہ بندی کے تحت ہے۔"

وہ مزید کہتی ہیں کہ "آپ کو سوشل میڈیا پر اس لیٹر کو اٹھانا ہے کہ ہمیں پتہ ہے کہ وہ لیٹر صحیح ہے اور ہمیں پتہ ہے کہ یہ سب غداری کے لیے اکٹھے ہوگئے ہیں اور غداروں کے ساتھ مل گئے ہیں۔"

انہوں نے ہدایت کی کہ "آپ کو آج روس کا معاملہ اٹھانا ہے، کہ انہیں پتہ ہے کہ عمران خان کے ساتھ غداری ہورہی ہے، اسے ٹرینڈ بنانا ہے۔"

بشریٰ بی بی نے آڈیو میں کہا کہ "میرے اور فرح کے بارے میں انہوں (مخالفین) نے خوب گند اُڑانا ہے اور اس معاملے کو بھی لنک کردینا کہ کون غدار یہ معاملہ اٹھا رہا ہے۔"

سابق خاتون اول نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ہیڈ کو بتایا کہ "یہ لوگ فرح گوگی کو پکڑنا چاہ رہے ہیں، کیونکہ انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ خان صاحب جو ہر چیز سے نکل رہے ہیں، انہیں یہ چیزیں پتہ کیسے ہوتی ہیں؟"

خیال رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی رہ نما کہتے رہے ہیں کہ بشریٰ بی بی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ ذرائع بتاتے تھے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر قیوم نیازی کے انتخاب کے پیچھے بھی بشریٰ بی بی کا ہاتھ تھا۔

اس کے ساتھ ساتھ جہانگیر ترین اور ذلفی بخاری کو ہٹانے کے پیچھے بھی بشریٰ کا ہاتھ بتایا جاتا ہے۔