ایک چھتری کو بانٹنے والے 6 دوستوں کی ویڈیو وائرل

July 04, 2022

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ننھے دوستوں کی دل کو چھولینے والی دلکش ویڈیو وائرل ہو گئی۔

معصوم بچوں کی وائرل ہونے والی اسویڈیو میں 6 دوست بارش کے دوران ایک ہی چھتری میں فٹ ہونے کی کوشش کرتے نظر آ رہے ہیں۔

ٹوئٹر پر شیئر کیے گیے اس 9 سیکنڈ کے مختصر ویڈیو کلپ نے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے۔

اس مختصر کلپ کو انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) کے افسر اونیش شرن نے ٹوئٹر پر شیئر کیا ہے۔

ویڈیو نے کئی سوشل میڈیا صارفین کی بچپن کی یادیں تازہ کر کے انہیں ان خوش گوار سُنہرے دنوں میں لوٹنے پر مجبور کر دیا جہاں نہ کوئی فکر تھی اور نہ ہی کوئی پریشانی۔

اس مختصر ویڈیو کلپ میں 6 بچوں کو ایک چھتری کے نیچے چلتے ہوئے دکھایا جا سکتا ہے، ان میں سے 3 بچے اسکول یونیفارم پہنے ہوئے ہیں جبکہ 1 چھوٹے لڑکے نے اپنے ہاتھوں میں تختی بھی پکڑی ہوئی ہے، بچوں کا یہ گروپ چھتری کو اپنے قریب رکھ کر ہلکی بارش میں تیزی سے اپنی منزل کی جانب گامزن ہے۔

اس ویڈیو کو اب تک 1.2 ملین سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے، ہزاروں صارفین اس پر تبصرہ کر رہے ہیں اور اپنے اپنے بچپن کے تجربات شیئر کر رہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا ہے کہ ’یہ ویڈیو مجھے اپنے بچپن کے دنوں کی یاد دلا رہی ہے‘۔

ایک اور صارف کا کہنا ہے کہ ’ان کے چہروں کی یہ معصومیت اور ان کی یہ خوشی انمول ہے، اسے ہی بچپن کہتے ہیں، جب ایک دوسرے کا خیال رکھنا، نہ کوئی شکایت اور نہ ہی کوئی انا ہوتی تھی‘۔

ایک تیسرے ٹوئٹر صارف نے کہا ہے کہ ’میں یہاں ہوں، میں ان بچوں میں سے ایک تھا جس کے پاس چھتری تھی اور ہم سب اسے استعمال کرتے تھے، یہ میرے بچپن کی یاد ہے‘۔

ایک اور صارف نے بچپن کی یاد تازہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’یہ ویڈیو مجھے اپنے بچپن کے دنوں کی یاد دلا رہی ہے جب ہم 4 دوست 1 چھتری آپس میں بانٹتے تھے، مون سون کے دنوں میں سڑک پر کیچڑ ہوتا تھا اور میرے پیروں میں اس وقت چپل نہیں ہوا کرتی تھی‘۔