کسٹم آفیسر بیٹی کا والد کو سرپرائز، ویڈیو وائرل

July 29, 2022

فائل فوٹو

پاکستان کسٹم آفیسر ’حرا علی‘ کی ویڈیو فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حرا علی گاڑی چلا کر اپنے والد کے پاس آتی ہیں ، گاڑی سے اُتر کر یونیفارم میں والد کے سامنے کھڑی ہوتی ہیں اور پھر انہیں سیلیوٹ کرتی ہیں۔

بیٹی کو یونیفارم میں دیکھ کر والد کی خوشی دیدنی تھی۔ وہ بیٹی کی کامیابی پر بہت خوش ہوتے ہیں اور اسے مبارک باد دیتے ہیں۔

کسٹم آفیسر حرا علی نے اپنی ایک اور پوسٹ میں لکھا ہے کہ یونیفارم میں ملک و قوم کی خدمت کرنا ان کا خواب تھا جو سخت محنت کے بعد بلآخر پورا ہوا۔

اس ویڈیو کو 69 ہزار سے زائد بار دیکھا اور پسند کیا جاچکا ہے جبکہ سوشل میڈیا صارفین کمنٹس میں تبصرہ کررہے ہیں کہ لڑکیاں بھی بیٹوں سے کم نہیں۔

اس کے علاوہ حرا علی کو لڑکیوں کے لیے بہترین مثال قرار دیا جارہا ہے۔