جاوید اقبال کی بطور چیئرمین نیب تنخواہ، مراعات کی تفصیلات سینیٹ میں پیش

August 05, 2022

فائل فوٹو

سینیٹ اجلاس میں سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی تنخواہ اور مراعات کی تفصیلات پیش کردی گئیں۔

وزارت قانون کی جانب سے سینیٹ اجلاس کے دوران تحریری جواب جمع کروایا گیا جس کے مطابق جاوید اقبال کو بطور چیئرمین نیب ماہانہ 12 لاکھ 39 ہزار بنیادی تنخواہ ملتی تھی، جاوید اقبال کو بطور چئیرمین نیب ملازمت کے دوران 7 کروڑ 45 لاکھ روپے تنخواہ ادا کی گئی۔

سینیٹ میں جمع کروائے گئے تحریری جواب کے مطابق سابق چئیرمین نیب کا 6 ہزار روپے ماہانہ فون الاؤنس تھا، جاوید اقبال کو بطور چیئرمین نیب کی مدت کے دوران 3لاکھ 40 ہزار ٹیلی فون الاؤنس دیا گیا۔

اسی طرح سابق چیئر مین نیب کو 68 ہزار ہاؤس رینٹ دیا گیا، دورانِ مدت 38لاکھ 58ہزار ہاؤس الاؤنس کی مد میں دیا گیا۔

اس تحریری جواب میں جاوید اقبال کیبطورریٹائرڈ جج سپریم کورٹ ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن، مراعات، گریجوایٹی کی تفصیلات نہیں ہیں۔