چینی سفیر کی وائٹ ہاؤس میں طلبی

August 05, 2022

امریکا کی جانب سے واشنگٹن میں تعینات چینی سفیر کو وائٹ ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے، جنہیں احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے چینی سفیر کو طلب کر کے انہیں احتجاجی مراسلہ دینے کی تصدیق کی ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس جان کربی کے مطابق چین کے اشتعال انگیز اقدامات پر چینی سفیر کو طلب کر کے احتجاجی مراسلہ دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چین نے امریکی اسپیکر نینسی پلوسی کے دورۂ تائیوان پر سخت ردِعمل ظاہر کیا تھا جس پر چینی سفیر کو طلب کیا گیا ہے۔

اس سے قبل چین کی جانب سے امریکی ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ترجمان چینی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی اسپیکر نینسی پلوسی اور ان کے قریبی خاندان پر تائیوان کے دورے کے اشتعال انگیز اقدامات کے جواب میں پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان چینی وزارتِ خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ نینسی پلوسی نے چین کے شدید تحفظات اور سخت مخالفت کے باوجود تائیوان کادورہ کیا اور چین کے اندرونی معاملات میں سنجیدگی سے مداخلت کی، چین کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچایا ہے۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ نینسی پلوسی نے ون چائنہ پالیسی کو پامال کیا اور آبنائے تائیوان کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈالا۔