چین نے امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی اور ان کے اہل خانہ پر پابندی عائد کردی، نینسی پلوسی پر پابندی دورہ تائیوان کے نتیجے میں لگائی گئی ہے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ چین کے شدید تحفظات کے باوجود نینسی پلوسی نے تائیوان کادورہ کیا جس کے نتیجے میں نینسی پلوسی اور ان کے خاندان پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان نے ون چائنا پالیسی کو پامال کرکے چین کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچایا۔
امریکی اسپیکر نینسی پلوسی نے چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرکے آبنائے تائیوان کے امن کو خطرے میں ڈالا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی اسپیکر نینسی پلوسی کے دورۂ تائیوان کے جواب میں مزید اقدامات کریں گے، امریکا اور چین کی ملٹری قیادت کے درمیان ہونے والے مذاکرات منسوخ کر دیں گے۔
ترجمان چینی وزارتِ خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ کلائمیٹ اور میری ٹائم سیفٹی مکینزم پر بات چیت، کراس بارڈر کرائم پری وینشن کے لیے تعاون بھی معطل کر دیں گے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ انسدادِ منشیات اور تارکینِ وطن کی واپسی سے متعلق تعاون بھی معطل کر دیں گے۔