سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے یوم آزادی کیلئے منظم ٹریفک پلان تشکیل دیدیا

August 14, 2022

پشاور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے یوم آزادی کیلئے منظم ٹریفک پلان تشکیل دیدیا۔ ماضی کی طرح امسال بھی چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے یوم آزادی کیلئے ٹریفک کے نظام کو رواں دواں رکھنے کیلئے ایک منظم ٹریفک پلان تشکیل دیا ہے جس کے تحت پشاور میں ٹریفک کنٹرول کرنے اور ٹریفک نظام کو رواں دواں رکھنے کیلئے 3ایس پیز‘ 12ڈی ایس پیز, ایک ہزار سے زائد ٹریفک وارڈنز سمیت دیگر نفری ڈیوٹی سر انجام دے گی اسی طرح شہر کے مختلف سیکٹروں میں 54 رائیڈرز اور 16 فورک لفٹرز کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جو شہر میں ٹریفک کے نظام کو رواں دواں رکھنے اور رش کو کنٹرول کرنے کیلئے موقع پر صلاحیتیں بروئے کارلائے گی۔ واضح رہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں کی جانب سے گزشتہ ایک ہفتے سے شہریوں کو ون ویلنگ کے نقصانات کے حوالے سے آگاہی دینے کا بھی سلسلہ جاری ہے جبکہ شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تیز آواز والے سائلنسر کے استعمال سے گریز کریں۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور یوم آزادی کے موقع پر ٹریفک نظام کو رواں دواں رکھنے کیلئے تمام تر سہولیات و صلاحیتیں بروئے کار لائے گی تاہم شہری بھی غلط پارکنگ اور ٹریفک نظام میں خلل ڈالنے سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو یوم آزادی کے موقع پر سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے سٹی ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شہری یوم آزادی کے موقع پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اور ان کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے‘ ون ویلنگ کرنے اور تیز آواز والے سائلنسر لگانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔