بھارت سے آنے والے خصوصی طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر آمد

August 15, 2022

بھارت سے آنے والے خصوصی طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر آمد ہوئی، جو 12 مسافروں کو لے کر روانہ ہوگیا۔

ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ بمبارڈایئر طیارہ خصوصی پرواز GL5T کے طور پر راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کراچی پہنچا، حیدرآباد دکن سے آنے والا طیارہ 12 مسافروں کو لے کر دبئی روانہ ہوگیا۔

ذرائع ایئرپورٹ کا کہنا ہے کہ طیارے نے دوپہر 12:10 بجے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کیا اور ایک بجکر 20 منٹ پر دبئی روانہ ہوا۔

ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ یہ بین الاقوامی چارٹر پرواز تھی، بھارت سے آمد کے سوا اس کا بھارت سے اور کوئی تعلق نہیں ہے۔