سیلاب، جنوبی پنجاب کے متاثرہ اضلاع میں مشکلات کم نہ ہوئیں

August 30, 2022

جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں متاثرین کی مشکلات کم نہیں ہوسکیں۔

ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے متاثرہ علاقوں میں سیلابی پانی کی سطح برقرار ہے۔

راجن پور میں متاثرین نے اپنے اجڑے آشیانوں کو اپنی مدد آپ کے تحت ہی بنانا شروع کردیا جبکہ ہزاروں کی تعداد میں سیلاب متاثرین انڈس ہائی وے پر موجود ہیں۔

میانوالی میں جناح بیراج کے مقام پر درمیانے درجے جبکہ چشمہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے سندھ میں بھکر کے مقام پر پانی کی سطح بدستور بلند ہے۔

لیہ میں سیلاب سے کئی بستیاں زیر آب آگئیں اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ درجنوں بستیوں، اسکولوں اور بنیادی صحت کے مراکز میں بھی پانی داخل ہوگیا۔