سیلاب کے باعث 400 بچوں سمیت 1200 افراد جاں بحق ہوئے، وفاقی وزیر اطلاعات

September 01, 2022

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث 1200 کے قریب افراد جاں بحق جبکہ 4 ہزار زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں تقریباً 400 بچے بھی شامل ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ لوگوں کے مویشی، گھر اور املاک سیلاب میں بہہ گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق نے سندھ کو 15 ارب، بلوچستان اور کے پی کو 10، 10 ارب روپے فلڈ فنڈنگ میں دیے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ ملکوں کی فہرست میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زمینی رابطے منقطع ہونے کے باعث امدادی سامان ہیلی کاپٹرز کے ذریعے پہنچایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین کی مدد کی جا رہی ہے۔