جنوبی پنجاب میں مختلف محکموں کے درجنوں منصوبوں پر کام جاری

September 23, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) جنوبی پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پیش رفت بارے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کے آفس میں ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں جنوبی پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز اور ایڈیشنل سیکرٹریز نے شرکت کی۔ چئیرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عبداللہ سنبل لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب میں زراعت کے شعبے میں49، فشریز کے 9، جنگلات16،وائلڈ لائف5، ہائرایجوکیشن51 اور محکمہ انہار کے55 منصوبوں پرکام جاری ہے۔اسی طرح لوکل گورنمنٹ 263، لائیوسٹاک21، پی اینڈ ڈی کے69 منصوبے تکمیل کی طرف گامزن ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ صحت 171،پبلک بلڈنگز188 اور روڈز کے 503،سکول ایجوکیشن 39،اربن ڈویلپمنٹ85 اور واٹر سپلائی اور سینی ٹیشن کے174 منصوبوں پر کام جاری ہے۔چئیرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عبداللہ سنبل نے منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ منصوبوں پر فنڈز خرچ کرنے کی شرح بارے ہر ماہانہ رپورٹ ارسال کی جائے۔