بھارتی پروڈیوسر ایکتا کپور کیخلاف وارنٹ گرفتاری جاری

September 29, 2022

ایکتاکپور، فائل فوٹو

معروف بھارتی پروڈیوسر ایکتا کپور اور ان کی والدہ شوبھا کپور کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ریاست بہار کی ایک عدالت نے گزشتہ روز پروڈیوسر و ڈائریکٹر ایکتا کپور اور ان کی والدہ شوبھا کپور کے خلاف ویب سیریز ’XXX‘میں بھارتی فوجیوں کی توہین کرنے اور ان کے خاندان کے افراد کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، جج وکاس کمار نے یہ وارنٹ گرفتاری بہار کے رہائشی اور سابق فوجی شمبھو کمار کی شکایت کی بنیاد پر جاری کیے ہیں۔

شمبھو کمار نے2020ء میں درج کروائی اپنی شکایت میں ایکتا کپور پر یہ الزام لگایا تھا کہ ان کی سیریز ’XXX‘ کے دوسرے سیزن میں ایک فوجی کی بیوی سے متعلق کئی قابل اعتراض مناظر دکھائے گئے ہیں۔

شمبھو کمار کے وکیل ہریشی کیش پاٹھک کا کہنا ہے کہ ’یہ سیریز بھارتی اسٹریمنگ سروس ’اے ایل ٹی بالاجی‘ پر نشر کی گئی تھی، جس کی ملکیت ایکتا کپور کے پروڈکشن ہاؤس ’بالاجی ٹیلی فلمز لمیٹڈ‘ کے پاس ہے اور ایکتا کپور کی والدہ شوبھا کپور بھی بالاجی ٹیلی فلمز سے وابستہ ہیں‘۔