بالی ووڈ ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی نے دی لیجنڈ آف مولاجٹ کو بڑی فلم قرار دے دیا

September 30, 2022

بالی ووڈ کے صف اول کے ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی نے دی لیجنڈ آف مولاجٹ کو بڑی فلم قرار دے دیا۔

انہوں نے فلم کا ٹریلر دیکھنے کے بعد جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ ایک بڑی فلم لگ رہی ہے۔

منا بھائی ایم بی بی ایس، تھری ایڈیٹس، سنجو اور پی کے جیسی سپر ہٹ فلموں کے ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی نے فلم کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ فلم کا ٹریلر دیکھ کر دلی خوشی ہوئی۔

بالی ووڈ ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی

جیو فلمز کی پیشکش، پروڈیوسر عمارہ حکمت اور نئی نسل کے ڈائریکٹر بلال لاشاری کی شاہکار فلم مولاجٹ کی ریلیز کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔

فلم 13 اکتوبر 2022 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم کی مرکزی کاسٹ میں شامل سپر اسٹارز کو پاکستانی ڈراموں اور فلموں کے علاوہ بالی ووڈ موویز میں کام کرنے کا تجربہ حاصل ہے۔

فلم کے ہیرو فواد خان، ماہرہ خان اور حمائمہ ملک بالی ووڈ سپر اسٹارز کے ساتھ فلموں میں لیڈنگ کردار ادا کرچکے ہیں۔

ماہرہ خان نے شاہ رخ خان، حمائمہ ملک نے عمران ہاشمی اور فواد خان نے سونم کپور کے ساتھ بطور ہیرو کام کیا۔

فلم بینوں کو دی لیجنڈ آف مولاجٹ کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار ہے۔