سابق ڈی جی کے ڈی اے سمیت 2 ملازمین کے بیرون ملک فرار کا انکشاف

October 02, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے ملک سے فرار سابق ڈی جی کے ڈی اے ناصر عباس اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے ڈی اے جاوید احمد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ سابق ڈی جی کے ڈی اے ناصر عباس کے خلاف ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے روبرو ہوئی۔ نیب کی جانب سے سماعت میں اہم انکشاف کیا گیا۔نیب کی رپورٹ کے مطابق سابق ڈی جی کے ڈی اے ناصر عباس ملک سے فرار ہوگیے ، سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے ڈی اے جاوید احمد بھی ملک سے فرار ہوگیے ہیں ،عدالت نے دونوں ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔نیب کی جانب سے دونوں ملزمان کی ٹریول ہسٹری بھی پیش کردی گئی۔ دونوں ملزمان جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کینیڈا فرار ہوگیے ہیں ،نیب کے مطابق ملزم ناصر عباس کے خلاف 4 ریفرنس زیر سماعت ہیں ،ملزم ناصر عباس اور جاوید احمد ضمانت پر رہا تھے ،ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال سمیت متعدد الزامات ہیں۔