عوام انسداد ڈینگی مہم میں کردار ادا کریں، محمد علیم

October 02, 2022

پشاور( جنگ نیو) ڈسٹرکٹ پشاور پالولیشن ویلفیئر افسر محمد علیم کے زیر صدارت ڈینگی تدارک اور اس کی روک تھام کے حوالے سے جائزہ اور ڈسٹرکٹ پشاور کے تمام فلاحی مراکز برائے پاپولیشن ویلفیئر اسسٹنٹ کا ماہانہ اجلاس گزشتہ روز ضلعی افس میں منعقد ہوا۔ جس میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر محمد علیم، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پالولیشن افسر کاشف فدا، تحسین اللہ، طارق رحیم کامران مصطفی، ندیم خلیل اور دیگر نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر محمد علیم نے اجلاس کو محکمہ بہبود آبادی کی سرگرمیوں، مانع حمل ادویات کی فراہمی، آگاہی سیشنز اور فیملی پلاننگ سے آگاہی کیلئے جاری مختلف پروگرامز کے انعقاد بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر محمد علیم نے کہا کہ آبادی میں اضافے کی وجہ سے معاشرے کو بہت سارے مسائل کا سامنا ہے اس ضمن میں محکمے کو آبادی کنٹرول کرنے کیلئے تیز ترین قدامات کرنے ہونگے۔ اجلاس میں متعلقہ افسران نے فلاحی مراکز کے شرکاء کو انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ وہ انسداد ڈینگی مہم میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔ ضلعی اور تحصیل انتظامیہ ، سرکا ری اداروں اور بالخصوص محکمہ خاندانی منصوبہ بندی ڈینگی کے مکمل خاتمے کے لئے اپنا بھر پور کر دار ادا کریں گی اس کے ساتھ اس مہم میں دیگر محکموں کی بھی بھرپور معاونت کرے۔انہوں نے کہاکہ ڈینگی سے متعلق تمام فلاحی مراکز کی کارکردگی جا نچنے کے لیے تیسری پارٹی کے ذریعے بھی نگرانی کی جارہی ہے اور ا ن کی کارکردگی کے متعلق اعلیٰ حکا م کو بھی رپورٹ ارسال کی جارہی ہے۔اس موقع پر انہوں نے تمام فیملی ویلفیئر اسسٹنٹ کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں ڈینگی سے بچاؤ کے متعلق ضابطہ ءاخلاق پر سختی سے عملدرآمد کریں اور عوام میں شعور بھی بیدار کریں ۔انہوں نے اس موقع پر ضلع پشاور کی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد کا ماحول صاف اور خشک رکھیں تاکہ وہ اس خطرناک بیماری سے محفوظ رہ سکیں