زیادہ ڈالر چارج کرنے والے بینکوں پر زیادہ جرمانہ ہوگا تاکہ آئندہ کوئی بینک ایسا نہ کرے، عائشہ غوث پاشا

November 11, 2022

وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ زیادہ ڈالر ریٹ چارج کرنے والے بینکوں پر زیادہ سے زیادہ جرمانہ کیا جائے گا تاکہ آئندہ کوئی بینک ایسا کام نہ کرے۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا۔

سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ ایف بی آر مجھے ہراساں کر رہا ہے، مجھے گاڑی ڈکلیئر نہ کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے حالانکہ میں اپنے ٹیکس گوشواروں میں گاڑی ڈکلیئر کر چکا ہوں۔

چیئرمین ایف بی آر نے معاملے کی تحقیقات کیلئے وقت مانگ لیا۔

سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا میں نے اس معاملے پر ایف بی آر سے وضاحت مانگی ہے۔

اجلاس میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ بینکوں کی جانب سے اوور چارجنگ کی تحقیقات اسی ماہ مکمل ہوجائے گی۔

ایک سرکاری بینک سمیت مختلف بینکوں نے یہ اوور چارجنگ پچھلے سال اس وقت کی تھی، جب ڈالر کی قلت پیدا ہوئی اور ڈالر مہنگا ہونا شروع ہوا۔