سیلاب سے متاثرہ 193 کسانوں میں تصدیق شدہ گندم کے بیج کے تقسیم کا آغاز

November 25, 2022

پشاور(جنگ نیوز)تحصیل کلاچی ڈیرہ اسماعیل خان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ 193 کسانوں میں تصدیق شدہ گندم کے بیج کے تقسیم کا آغاز کر دیا گیا، اس سلسلے میں دفتر توسیع زراعت آفس کلاچی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈائریکٹر ایگریکلچر ڈاکٹر مراد علی خان، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر صلاح الدین خان بیٹنی، ڈپٹی ڈائریکٹر وزیرستان عمران مسعود اور ایگریکلچر آفیسر کلاچی ثناء اللہ خان سمیت کسانوں نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایگریکلچر ڈاکٹر مراد علی خان اور ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر ڈاکٹر صلاح الدین خان بیٹنی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یو ایس ایڈ کے پروگرام برائے اقتصادی بحالی و ترقی (یوایس ایڈ،ای آرڈی اے)اور محکمہ زراعت،لائیو سٹاک خیبر پختونخوا ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب سے متاثرہ 14,850کسانوں کو 743 ٹن تصدیق شدہ گندم کا بیج اور 1485ٹن کھاد فراہم کرے گا۔اس سلسلے میں تحصیل کلاچی کے سیلاب سے متاثرہ کسانوں کو گندم کے 437 تھیلے (50کلوگرام فی بیگ)تصدیق شدہ بیج فراہم کیا گیا۔ یوایس ایڈ۔ای آرڈی اے کی سیلاب سے متاثرہ 193 کسانوں کو ربیع کے موسم کے دوران اپنی 437 ایکڑ اراضی پر گندم کی فصل کاشت کرنے کے قابل بناتی ہے، جو اگلے کٹائی کے موسم میں وافر مقدار میں گندم کی دستیابی اور غذائی تحفظ کو یقینی بنائے گی۔اس سال مون سون کے دوران ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث پاکستان بھر کوشدید سیلاب نے بری طرح متاثر کیا، جسکی وجہ سے زراعت، لائیو سٹاک، پناہ گاہوں اور زندگی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔انھوں نے کہا کہ کسان سب سے زیادہ متاثرہ طبقہ ہیں اور انہیں اپنے نقصانات کو پورا کرنے اور ٹریک پر واپس آنے کیلئے ہماری مدد کی ضرورت ہے جس کے لئے یو ایس ایڈ۔ای آر ڈی اے نے امدد فراہم کر کے اہم کردار ادا کیا ہے، انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ یو ایس ایڈ کسانوں کے نقصانات کے ازالے اور بحالی کے لئے اپنا تعاون جاری رکھیں گے، واضح رہے کہ سیکرٹری زراعت محمد اسرار خان نے یو ایس ایڈ۔ ای آر ڈی اے کے ہمراہ تحصیل کلاچی کے 193 خاندانوں کے نقصانات کا جائزہ لیا تھا، جس کے بعد متاثرہ کسانوں میں تصدیق شدہ بیج کی فراہمی کا آغاز کیا گیا۔