نتائج کی درستگی کے حوالے سے یقین دہانی کا خیر مقدم کرتے ہیں، حافظ نعیم

January 27, 2023

کراچی(اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم الیکشن کمیشن آف پاکستان اور چیف الیکشن کمشنر کا خیر مقدم کرتے ہیں کہ انہوں نے ہماری چھینی گئی 6نشستوں کے حوالے سے سماعت کے بعد یقین دہانی کروائی ہے کہ فارم11 کے مطابق نہ صرف نتائج درست ہوں گے بلکہ جن آراوز اور ڈی آراوز نے یہ کارروائی کی ہے ان کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا،بقیہ 11سیٹوں پر بھی دوبارہ گنتی کی اپیل کریں گے، الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ امیدواروں کے انتقال کے باعث ملتوی شدہ11 نشستوں پر انتخابات کو آزادانہ اور شفاف بنانے کے لیے سندھ حکومت کے ملازمین کو آر اوز ڈی آر او ز اور پریذائیڈنگ افسر ہر گز مقرر نہ کیا جائے، جماعت اسلامی نے ادارہ نورحق میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سیل قائم کردیا ہے، درست نتیجہ حاصل کرنے کے لیے کسی بھی جماعت کے افراد، نمائندگان کو مدد کی ضرورت ہوتو رابطہ کیا جا سکتا ہے ، ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے آراوز اور ڈی آراوز کا عملہ الیکشن کمیشن کا ہونا چاہئے۔