آزمائش کی گھڑی میں پاکستان ترک بھائیوں کے ساتھ ہے، وزیراعظم شہباز شریف

February 06, 2023

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے بھائی ترکیہ اور اس کے عوام کے ساتھ ہے۔

وزیراعظم نے زلزلے سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس کیا، انہوں نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بےحد رنجیدہ ہیں، غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں ترکیہ کی حکومت اور عوام سے بھرپور تعاون کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی کی شدت بڑھ رہی ہے، قدرتی آفات اور موسمیاتی تباہی کسی سرحد، خطے اور مخصوص قوم تک محدود نہیں۔

انہوں نے جاں بحق افراد کی مغفرت، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

ترکیہ کے صدر نے ٹیلیفون اور حمایت کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

صدر طیب اردوان نے کہا کہ آپ کے اور پاکستانی عوام کے جذبات کی قدر کرتا ہوں۔