ترکیہ زلزلہ: 21 روز بعد ملبے تلے سے گھوڑے کو معجزانہ طور پر زندہ نکال لیا گیا

March 01, 2023

اسکرین گریب

جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے، 6 فروری کو ترکیہ میں آنے والے ہولناک زلزلے سے 21 روز بعد ملبے تلے سے ایک گھوڑے کو معجزانہ طور پر زندہ صحیح سلامت نکال لیا گیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر یوکرین کے وزیر داخلہ اینٹون گیراشینکو نے ترکیہ کے ایک بزنس مین کی ویڈیو کو ری شیئر کیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ترکیہ کے شہر ادیامن میں ایک عمارت کے ملبہ کی صفائی کے دوران، ریسکیو اہلکاروں کو معجزانہ طور ایک گھوڑا مل گیا، جسے باحفاظت نکال لیا گیا۔

واضح رہے کہ ادیامن ترکیہ کے ان علاقوں میں سے ایک ہے جہاں 6 فروری کی صبح قیامت خیز زلزلہ آیا تھا جس کے باعث اموات کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی تھی جبکہ گزشتہ پیر ایک بار پھر مشرقی ترکیہ میں 5.6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس میں ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب ترک صدر طیب اردگان نے تباہ حال صوبوں میں 2 لاکھ 70 ہزار گھروں کی تعمیرِ نو کے منصوبے کا اعلان بھی کیا ہے۔