• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سڑک پر لاوارث ملنے والے سابق چائلڈ اسٹار کا علاج کروانے سے انکار

فوٹوز/ امریکی میڈیا
فوٹوز/ امریکی میڈیا 

2000 کی دہائی میں امریکی ٹی وی کے مقبول پروگرام نکلوڈین میں چائلڈ اسٹار کے طور پر کام کرنیوالے فنکار کی کیلیفورنیا کی سڑکوں پر لاوارث حالت میں ملنے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد اداکار کے والد کا بیان سامنے آگیا۔

سابق نِکلوڈین چائلڈ اسٹار ٹائلر چیس کے والد کا  کہنا ہے کہ ان کا بیٹا بائی پولر ڈس آرڈر اور شیزوفرینیا میں مبتلا ہے، تاہم وہ علاج کروانے سے انکار کر رہا ہے۔

36 سالہ ٹائلر چیس نے 2000 کی دہائی کے اوائل میں بچوں کے مقبول شو ’’Ned’s Declassified School Survival Guide‘‘ میں اداکاری کی تھی۔ 

ستمبر میں پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو جو اب وائرل ہو چکی ہے، میں انہیں امریکا کی سڑکوں پر بے گھر حالت میں دیکھا گیا، جس سے ان کی زندگی کے المناک موڑ کا انکشاف ہوا۔

ٹائلر کے والد جوزف مینڈیز جونیئر نے ڈیلی میل کو بتایا کہ ان کا بیٹا ایک دہائی سے زائد عرصے سے ذہنی بیماری اور منشیات کے استعمال کے مسائل سے دوچار ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ٹائلر اپنی اصل حالت میں ہوتا ہے تو وہ ایک شاندار انسان ہے۔ خاندان نے برسوں تک اس کے لیے علاج کے مختلف راستے تلاش کیے، جن میں ذہنی صحت اور نشے کے علاج کی کوششیں شامل ہیں۔

مینڈیز کے مطابق 2015 میں شیزوفرینیا اور بائی پولر ڈس آرڈر کی تشخیص کے بعد ٹائلر کی حالت مزید بگڑ گئی۔ 

2021 کے آس پاس خاندان نے اسے جارجیا میں بحالی مرکز (ری ہیب) میں داخل کروایا، تاہم بعد میں اس نے علاج ترک کر دیا اور دوبارہ منشیات کا استعمال شروع کر دیا۔

جس کے بعد ٹائلر واپس کیلیفورنیا چلا گیا تاکہ اپنی والدہ پاؤلا موئیسو کے قریب رہ سکے، جو لاس اینجلس میں رئیل اسٹیٹ سے وابستہ ہیں۔

اداکار کو گزشتہ دنوں ایک ریور سائیڈ پر مٹی کھودتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ جب کسی نے پہنچاننے کے بعد اس سے بات کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے کسی بھی ذہنی بیماری سے انکار کیا۔

رپورٹ کے مطابق ٹائلر کے کپڑے پھٹے ہوئے تھے، وہ مٹی سے اٹا ہوا نظر آ رہا تھا اور غیر معمولی رویہ اختیار کیے ہوئے تھا۔

عدالت کے ریکارڈ کے مطابق 2023 سے اب تک ان کے خلاف 12 فوجداری مقدمات درج ہیں، جن میں چوری اور منشیات کے استعمال کے الزامات شامل ہیں، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت کسی سنگین جرم میں مطلوب نہیں۔

ریور سائیڈ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ پبلک سیفٹی انگیجمنٹ ٹیم کے ذریعے مسلسل ٹائلر سے رابطے میں ہیں، مگر وہ پناہ گاہ یا کسی بھی قسم کی مدد قبول کرنے سے انکار کرتے ہیں۔

سابق چائلڈ اسٹار ٹائلر نے بتایا کہ انہیں اپنی والدہ کی جانب سے مدد ملتی رہتی ہے اور وہ جلد جارجیا واپس جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق وہاں ان کے لیے رہائش کا بندوبست ممکن ہے اور وہ کسی ہاؤسنگ اسسٹنس پروگرام میں شامل ہونے پر غور کر رہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید