کراچی کی لاپتہ آبادی کو اس مردم شماری میں بازیاب ہونا چاہیے، فاروق ستار

March 18, 2023

سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار نے کہا کہ حساب بلدیات کا بس اتنا سا گوشوارا ہے، ایم کیو ایم کو نکال کر دیکھا تو سب خسارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی لاپتہ آبادی کو اس مردم شماری میں بازیاب ہونا چاہیے۔

ایم کیو ایم کے 39ویں یوم تاسیس کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے بلدیاتی الیکشن کا بائیکاٹ کیا وہ آج ایم کیو ایم کے پنڈال میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں نے منظم سازش کے ذریعے ایم کیو ایم کو بلدیاتی الیکشن سے باہر کیا۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مردم شماری میں کراچی کا مکمل شمار ہونا چاہیے، کراچی کی لاپتہ آبادی کو اس مردم شماری میں بازیاب ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 11 جنوری کو ایم کیو ایم کے بکھرے ہوئے لوگ متحد ہوگئے، آئندہ انتخابات میں صرف نوجوان قیادت کو سامنے لائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن میں ہمارا بائیکاٹ جائز ثابت ہوا، بلدیاتی الیکشن دھاندلی شدہ حلقہ بندیوں کے سبب دھاندلی شدہ ثابت ہوا۔

سینیئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم نے کہا کہ سرکلر ریلوے، کے فور منصوبہ ایم کیو ایم جلد اپنے ادوار میں مکمل کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ قبضہ مافیا سے زمینوں کا قبضہ ختم کرایا جائے، کےالیکٹرک اور سوئی گیس والے اپنا قبلہ درست کرلیں۔