کیا پی ٹی آئی کا ٹکٹ زمان پارک کی چوکیداری پر دیا جائے گا، آفتاب شیرپاؤ

March 18, 2023

فوٹو فائل

سربراہ قومی وطن آفتاب احمد خان شیرپاؤ کا کہنا ہے کہ کیا پی ٹی آئی کا ٹکٹ زمان پارک کی چوکیداری پر دیا جائے گا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ موجودہ حالات حکومت نے نہیں بنائے، پولیس صرف عدالتی احکامات پر عمل درآمد کر رہی تھی، پولیس پر حملہ کیا گیا، پیٹرول بم پھینکے گئے۔

سربراہ قومی وطن پارٹی نے کہا کہ سب کو برابری کی بنیاد پر انصاف ملنا چاہیے، عمران خان کے گھر کے باہر خندقیں تھیں، جو اسلحہ نکلا، اس پر کارروائی ہونی چاہیے۔

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ مذاکرات ہونے چاہئیں، لیکن اس کیلئے ماحول ہونا چاہیے، آج کہتا ہے مذاکرات کیلئے تیار ہوں، لیکن کل یوٹرن لے تو اس کی کیا ضمانت ہے؟ مذاکرات کس بنیاد پر ہوں یہ تشریح بھی عمران خان کو کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی گورنر کا بیان ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں، گورنر، صوبائی حکومت سے درخواست ہے انتخابات کیلئے حالات ٹھیک کریں۔