لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق پولیس رپورٹ پر ہائیکورٹ کا عدم اطمینان

March 23, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر چیف سیکریٹری سندھ، سیکٹریٹری داخلہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹری داخلہ کو کے پی کے حراستی مراکز سے رپورٹس حاصل کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا، عدالت نے پولیس رپورٹ پر عدالت نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ایس پی انوسٹی گیشن کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، کامران عرف کمالو، سید نوید علی کی بازیابی کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، سید منیب علی، عبید الحسن، طاہر زمان کی بازیابی کے لیے درخواستیں زیر سماعت ہیں، اہلخانہ نے کہا کہ کاشف علی، بابر، عطا اللہ، خلیل الرحمنٰ بھی گمشدہ ہیں، درخواست گزار کی غیر حاضری پر عدالت تفتیشی افسر پر برہم ہوگئی، سرکاری وکیل نے کہا کہ دوسرے صوبوں سے رپورٹس حاصل کرنے میں دشواری ہورہی ہے، آئی جی سندھ اور سیکرٹری داخلہ کو خود سنجیدہ کوشش کرنی چاہئے، عدالت نے صوبائی اور وفاقی حکومتوں سے جواب، پولیس اور دیگر اداروں سے اپریل کے دوسرے ہفتے میں رپورٹس طلب کرلیں۔