پاکپتن میں خاندان کے سات افراد کو قتل کرنے والا ملزم ساتھی سمیت اٹک سے گرفتار

March 27, 2023

پاکپتن،اٹک(صباح نیوز)گزشتہ روز پاکپتن میں جائیداد کے تنازع پر اپنے ہی خاندان کے سات افراد کو قتل کرنے والے ملزم کو ساتھی سمیت اٹک سے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کی گرفتاری نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی اورآئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر محمد عثمان انور کی جانب سے نوٹس لینے کے 24گھنٹوں کے اندرعمل میںلائی گئی ہے۔ ملزم سرور نے ساتھی سمیت گزشتہ روز پاکپتن کے گاؤں بڑی راکھ میں اپنے ہی خاندان کے سات افراد کوقتل کردیا تھا۔ ملزم نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر اپنی ماں، بہن، بھابھی، دوبھائیوں اورکمسن بھتیجوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیاتھااورموقع سے فرارہوگیا تھا۔ پولیس نے ملزم سروراوراس کے ساتھی اسد کو اٹک سے گرفتارکرلیا ہے۔