بالی ووڈ میں مجھے گائے کا گوشت کھانے پر مجبور کیا گیا، پریانکا چوپڑا کا انکشاف

March 28, 2023

فائل فوٹو

بالی ووڈ سے شہرت حاصل کرنے والی ہالی ووڈ کی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ بی ٹاؤن میں کچھ لوگ ایسے ہیں جنہوں نے انہیں بالی ووڈ میں کام کرنے نہیں دیا، ان کے لئے مشکلات کھڑی کیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی شہرت یافتہ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کھل کر بات کرتے ہوئے بالی ووڈ چھوڑنے کی وجہ بتا دی۔

انہوں نے ہالی ووڈ میں کام تلاش کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہاں کام تلاش کرنا آسان نہیں تھا، لیکن جب مجھے میوزک میں ویڈیو سے کیریئر شروع کرنے کا موقع ملا تو میں نے صرف اس لئے فوراً ہاں کردی کیونکہ میں بالی ووڈ سے فرار چاہتی تھی۔

بالی ووڈ میں پیش آنے والے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’مجھے انڈسٹری (بالی ووڈ) میں ایک کونے میں دھکیلا جا رہا تھا۔ لوگ مجھے کاسٹ نہیں کر رہے تھے، مجھے لوگوں نے گائے کا گوشت کھانے پر مجبور کیا، میں ان سیاسی حربوں سے ناواقف ہوں مجھے یہ کھیلنا نہیں آتے، میں ان سب سے تھک چکی تھی اس لئے بس انڈسٹری (بالی ووڈ) سے بریک لینا چاہتی تھی‘۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’اس میوزک ویڈیو نے مجھے ایک نئی دنیا سے متعارف کروایا، اس وقت تک میں کافی فلموں میں کام کرچکی تھی اس لئے مجھے مزید فلموں میں کام کرنے کی خواہش باقی نہیں رہی تھی، مجھے اس وقت بس ایسے لوگوں کی ضرورت تھی جن سے میں بات کرسکوں۔

انہوں نے کہا کہ میوزک ویڈیو کچھ خاص نہ چل سکی لیکن اس نے ہالی ووڈ میں کام تلاش کرنے کے راستے آسان کردیئے تھے پہلے کوانٹیکو پھر بے واچ، میٹرکس ایک کے بعد ایک فلموں میں کام ملنے لگا۔