بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ‘ عوام کا جینا دوبھر ہوگیا‘ اے این پی

May 30, 2023

کوئٹہ (آئی این پی ) عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے بیان میں کہاگیا ہے کہ گرمی شروع ہوتے ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کے جینا دوبھر کردیا اور کوئٹہ کے اکثر نواحی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پانی ناپید ہو چکا ،کیسکو حکام غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری طور پر نوٹس لیں۔ بیان میں کہاگیا کہ اے این پی عوامی مسائل پر خاموش نہیں رہے گی اور عوامی مسائل کو حل کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی کیونکہ شہر کے مختلف علاقوں نواں کلی‘ عالمو چوک‘سرہ غڑگئی‘ بلیلی‘پشتون آباد‘ خروٹ آباد‘سریاب ودیگر علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھادیا گیا ہے جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس لئے کیسکو حکام اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ فوری طور پر ختم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کریں۔