جامعہ کراچی میں ایم فل/ پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلوں کا آغاز 11 جون سے ہوگا

June 03, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی میں ایم فل/ پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلوں کاآغاز 11 جون سے ہوگا۔ داخلےرواں سال ایچ ای سی کی نئی پالیسی کے برعکس پرانی پالیسی کے تحت ہی ایم فل/ پی ایچ ڈی کے داخلے دینے کی منظوری دیدی ہے۔ اس بات کی منظوری جامعہ کراچی میں بورڈ برائے اعلی تعلیم و تحقیق کے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی نے کی اجلاس میں پرانی پالیسی کوبرقرار رکھتے ہوئے ایم فل اور پی ایچ ڈی سال 2023 کے داخلوں کی منظوری دے دی گئی جس کے تحت 5 جون سے داخلے شروع ہوجائیں گے اور خواہش مند طلبا سے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایا کہ ڈاکٹر انیلا امبر ملک کو ایم فل/پی ایچ ڈی داخلوں کا کنوینر مقرر کردیا گیا ہے اور جہاں تک بات پرانی پالیسی کے تحت داخلے دینے کی بات ہے تو اس کی وجہ نئی پالیسی کی اکیڈمک کونسل سے عدم منظوری اور ایچ ای سی کا نئی پالیسی سے متعلق نوٹفکیشن کا عدم اجراء ہے۔ انھوں نے کہا کہ داخلہ ٹیسٹ جون جولائی کے پہلے عشرےمیں ہوگا، ٹیسٹ پاس کرنے کے لیے امیدواروں کو 50 فیصد مارکس حاصل کرنے ضروری ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ داخلوں کے مرحلے کے بعد کلاسیں 20 جولائی شروع کردی جائیں گی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باعث قانون کے کلیہ میں ایم فل/ پی ایچ ڈی کے داخلے نہیں دیے جائیں گے۔