آئی ایم ایف کو لیٹر آف انٹینٹ کی کاپی بھجوادی گئی، ذرائع

July 03, 2023

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدے کے بعد عالمی مالیاتی ادارے کو لیٹر آف انٹینٹ (خط ارادیت) کی کاپی بھجوا دی گئی، لیٹر آف انٹینٹ کی کاپی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، گورنر اسٹیٹ بینک کے دستخطوں سے بھجوائی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ پاکستان اپنے غیر ملکی زرمبادلہ ذخائر بڑھائے گا، پاکستان سرکاری شعبے کے اداورں میں اصلاحات کرے گا، پاکستان 9 ماہ کے دوران کوئی نئی ٹیکس ایمنسٹی نہیں دے گا۔

آئی ایم ایف کو یہ بھی یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ پاکستان کو قرض دینے والے اداروں کی یقین دہانیوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، جبکہ تجارت پر پابندیاں بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف بورڈ اجلاس میں پاکستان کے لیٹر آف انٹینٹ قرض درخواست پر غور کرے گا، آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی قسط 3، 4 دن میں مل جائے گی۔