حکیمی نسخے کا اشتہار!

January 12, 2014

یہ کیسے ممکن ہے کہ وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی خیبر پختونخوا کے وزیر کو بجلی چور کہیں اور ان کے ہاتھ کاٹنے کی بات کریں،یہاں کے وزیر جواب میں پنجاب کی بجلی کاٹنے کی دھمکی دیں۔اسکول کے اساتذہ کو سرکار حکم دے کہ وزیراعلیٰ کے میانوالی جلسہ میں شرکت کو لازمی بنائیں۔ شریف خاندان کے ایک محبوب وزیر ساہیوال میں سستے بازار میں آٹے دال کا بھائو معلوم کرنے کیلئے کروڑوں روپے ہیلی کاپٹر اور 26گاڑیوں کے قافلے پر اڑا دیں۔ احسن اقبال کا دورہ چشمہ ہیلی کاپٹر کے بغیر ممکن نہ ہو ، حمزہ شہباز شیخوپورہ تک ہیلی کاپٹر بِنا نہ جاسکیں۔ وزیراعلیٰ کی اہلیہ اور چند دیگر شخصیات کیلئے کروڑوں روپے کی بلٹ پروف گاڑیاں خریدی جارہی ہوں۔ ایسے ناجائز اخراجات کیلئے پی آئی اے اور دیگر ادارے بیچے جا رہے ہوں۔ تین کروڑ مہاجروں کی نمائندگی کے دعویدار ایم کیو ایم کے الطاف حسین صوبے سے بھی آگے علیحدہ ملک بنانے کی دھمکیاں دیں۔ چوہدری شجاعت غداری کو آئین شکنی میں تبدیل کرنے کی مہم چلا رہے ہوں۔ معصوم عوام کو مکّے دکھانے والا کمانڈومشرف عدالتوں کا سامنا کرنے کے بجائےاسپتال میں پناہ لے لے۔ادھر پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے والی وینا ملک کو مولاناطارق جمیل دبئی جا کر نہ صرف شادی کی مبارکباد دیں بلکہ اس میں شریک ہوں۔ اداکارہ میرا اپنا اسکینڈل سامنے آنے پر کیپٹن نوید سے نکاح کا اعتراف کر لے جبکہ عوام پر 20,20گھنٹے بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا عذاب سوار کر دیا گیا ہو، وہ مہنگائی کی چکّی میں پس رہے ہوں تو عوام کے اصل نمائندے للّو پنجو چپ سادہ لیں ۔للّو پنجو خاموش نہیں رہ سکتے بلکہ ساری صورت حال پر بہت پریشان ہیں۔ آئیے آپ کو بھی ان کے درمیان ہونے والے مکالمے میں شریک کریں۔
للّو !تم بھی مجھے میڈیا کے نمائندے لگتے ہو جو ہاتھ دھو کر معصوم کمانڈو مشرف کے پیچھے پڑ ے ہوئے ہو۔
پنجو !سنا ہے کہ مشرف معصوم ہی نہیں بلکہ غریب بھی ہے کیونکہ اس نے گزشتہ تین برسوں کے دوران ایک پیسہ بھی انکم ٹیکس نہیں دیا۔ مجھ پہ یقین نہیں تو الیکشن کمیشن میں مئی کے الیکشن میں جمع کرائے گئے کاغذات کا مطالعہ کر لو۔ بس اس نے تو ابھی لندن کے امراء کے علاقے میں ٹونی بلیئر کے پڑوس میں جو فلیٹ2009ء میں مبینہ طور پرنقد خریدا تھا وہ صرف 52کروڑ کا فروخت کیا ہے۔
للّو! لوگ کہتے ہیں کہ مشرف نے جو ریٹرن ایف بی آر میں جمع کرائی ہے اس میں ظاہر کیا ہے کہ اس کے پاس 64کروڑ 50لاکھ کے اثاثے ہیں۔
پنجو !اس کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا کیونکہ وہ خود اپنی کتاب آن دی لائن آف فائر میں انکشاف کر چکے ہیں کہ وہ ایک سادہ خاندان سے ہیں ان کے پاس پیسہ نہیں ہوتا تھا مگر آج افواہیں ہیں کہ وہ پاکستان میں اپنے اسٹاف کو 5لاکھ روپے تک تنخواہ دیتے ہیں اور یہ جو لندن اور دبئی وغیرہ میں 7اکائونٹس ہیں وہ کیوں چھپائے ہیں۔
للّو! یہ بھی کہا جاتا ہے کہ مشرف نے تو دبئی کی آن لائن ٹریڈنگ کمپنی میں 14کروڑ 50لاکھ کی صرف سرمایہ کاری کی تھی۔ یونین نیشنل بینک میں صہبا مشرف کے ساتھ مشترکہ اکائونٹ نمبر 4002000304میں مبینہ 39کروڑ روپے ہیں اسی بینک کے دوسرے مشترکہ اکائونٹ میں گزشتہ برس48کروڑ روپے تھے۔ باقی بھی جو اکائونٹ ہیں وہ دونوں کے مشترکہ ہیں اور لوگ کہتے ہیں ان میں سے ایک میں 18کروڑ 40لاکھ ،72کروڑ 80لاکھ ، 18کروڑ 40لاکھ اور 11کروڑ 80لاکھ روپے ہیں۔ابھی تو صہبا مشرف نے مبینہ طور پراپنا ایک بیڈ کا لندن میں فلیٹ بھی 6کروڑ کا بیچا ہے۔ کیا تم مشرف کو جھوٹا سمجھتے ہو۔
پنجو ! میں کب اسے جھوٹا کہہ رہا ہوں ۔ وہ تو بس عدالت سے بچنے کیلئے صرف بہانے بنا رہا تھا حالانکہ2 جنوری کو تو عدالت میں جانے کیلئے گھر سے نکلا۔ تین بار گاڑی میں سوار ہوا تھا مگر یہ تو شاید چوہدری شجاعت نے انہیں روحانی پیغام بھیجا کہ غداری کا لفظ تبدیل طلب ہے اب میں اسے آئین شکنی سے تعبیر کراتا ہوں پھر عدالت چلے جانا۔ بس اس لئے وہ کشمیر چوک کے یوٹرن سے امراض قلب کے فوجی اسپتال پہنچ گئے۔
للّو!کیا وہ اچانک فوجی اسپتال پہنچے یا فوج کی انہیں حمایت حاصل تھی کیونکہ اس سے چند روز پہلے وہ یہ اظہار کر چکے تھے کہ فوج کو میرے اوپر مقدمہ پر بہت تشویش ہے۔
پنجو !فوج کو بیچ میں مت گھسیٹو کہا جاتا ہے کہ جنرل راحیل شریف وزیراعظم سے ملاقات کر کے یہ وضاحت کر چکے ہیں کہ انہیں مشرف کے ملٹری اسپتال میں پہنچنے کے بعد معلوم ہوا۔ بس کچھ سابق فوجیوں سے مشرف کی بات ضرور ہوئی تھی ۔
للّو! یہ جو الطاف حسین نے دھمکی دی ہے کہ مشرف کو مہاجر ہونے کی وجہ سے غداری کا سامنا ہے اور تین کروڑ مہاجروں کی تذلیل کی جا رہی ہے
پنجو!الطاف حسین تب کہاں تھے جب ان کا یہی مہاجر قوم کے ہیرو مہاجر ڈاکٹر قدیر خان کو دنیا بھر میں ذلیل کرنے پر تلا تھا۔
للّو!ابھی تو ملٹری اسپتال کی میڈیکل رپورٹ آگئی ہے جس میں مشرف کو 9بیماروں میں مبتلا ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان میں دل کی ایک شریان بند ہے، ریڑھ کی ہڈی کا عارضہ ہے، ذہنی دبائو کا شکار ، بائیں کندھے میں تکلیف ہے، بائیں گھٹنے میں سوزش ہے،دانتوں کا مرض ہے ، گردن کے مہروں میں فاصلہ ہے ، نیند متاثر ہو رہی ہے اور غدودِ مثانہ ہے۔
پنجو !او بھائی یہ ساری ایسی بیماریاں ہیں اگر پاکستان کے تمام لوگوں کے ٹیسٹ کرائو تو ان میں سے 95فیصد میں یہ ہوں گی۔ یہ بالکل عام سی بیماریاں ہیں۔ مجھے تو یہ بیماریاں کم اور حکیمی علاج کا اشتہار زیادہ لگتا ہے کیونکہ ان بیماریوں کا علاج تو ایک عام سا حکیم بھی کر لیتا ہے اور 60برس کی عمر کے بعد یہ اکثر لوگوں کو ہو جاتی ہیں ۔ ویسے بھی افواہ ہے کہ صہبا مشرف کو مذہبی شخصیت نے مشورہ دیا ہے کہ وہ ہرمل کی دھونی دیں اور مشرف کو نیم کے پانی سے نہلائیں۔ اگر کوئی سنجیدہ بیماری ہوتی یا انجائنا کا ڈر ہوتا تو فوراً انجیو گرافی ہو چکی ہوتی۔ سیدھی سی بات کرو چونکہ صہبامشرف نے ای سی ایل سے نام خارج کرنے کی درخواست دی تھی وہ مسترد ہو چکی ہے اب وہ اس میڈیکل رپورٹ کی آڑ میں مشرف کو علاج کے بہانے باہر لے جانا چاہتی ہے لیکن خصوصی عدالت یہ فیصلہ دے چکی ہے کہ میڈیکل رپورٹ میں کوئی تشویشناک بات نہیں، نہ ہی دل کی تکلیف ہے۔
للّو !مشرف بڑے بہادر ہیں۔ وہ ملک سے بھاگنا نہیں چاہتے وہ تو سب سے پہلے پاکستان کو عزیز رکھتے ہیں ۔
پنجو !میری بات غور سے سن لو یہ جو عمران خان نے کہا ہے کہ اب تیسرا این آر او آرہا ہے اور شیخ رشید نے قوم کو یہ انفارمیشن دی ہے کہ جو مرضی ہو مشرف باہر چلے جائیں گے۔ اب تو لاس اینجلس ٹائمز نے بھی یہ خبر دے دی ہے کہ مشرف اسی مہینے کے آخر تک بیرون ملک چلے جائیں گے۔ بس صرف باہر جانے کی ونڈو تلاش کی جارہی ہے ۔
للّو !اگر یہ سارا کچھ ہی ہونا ہے تو قوم کو کس عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے ان کی نیندیں کیوں حرام کی ہوئی ہیں۔میڈیا بھی ان کے اعصاب پر سوار ہے ۔ ہر شخص یہاں ذہنی دبائو کا شکار ہے ۔ صرف مشرف کو ہی نیند نہیں آتی بلکہ کوئی بھی شخص سو نہیں سکتا۔ حکمران نظر نہ آنے والی فورسز، کمانڈو مشرف کو باہر بھجوانا چاہتی ہیں تو ضرور بجھوائیں مگر حکیمی اشتہار کا سہارا لیکر پاکستان کے میڈیکل کے اداروں کو بدنام نہ کیا جائے اور نہ ہی عدالتوں کے کندھوں پر بندوق رکھ کر، اپنی خواہشات کی تکمیل کی جائے!