برطانوی شہریت کے خاتمے کیخلاف شمیمہ بیگم کی قانونی جنگ اپیل کورٹ پہنچ گئی

October 25, 2023

لندن (پی اے) برطانوی شہریت سے محروم کئے جانے کے فیصلے کے خلاف24سالہ شمیمہ بیگم کی قانونی جنگ اپیل کورٹ پہنچ گئی۔ اس سے قبل شمیمہ بیگم سپیشل امیگریشن اپیل کمیشن میں قومی سلامتی کی بنیاد پر اپنی شہریت کے خاتمے کے فیصلے کے خلاف چیلنج ہار گئی تھی۔ فروری میں ایک رولنگ میں مسٹر جسٹس جے نے کہا تھا کہ جب قابل اعتماد شبہ ہے کہ مس شمیمہ بیگم کو ریکروٹ اور ٹرانسفر کیا گیا اور پھر جنسی استحصال کے مقصد کیلئے پناہ دی گئی، اس نے اس وقت کے ہوم سیکرٹری ساجد جاوید کو ان کی شہریت ختم کرنے سے نہیں روکا۔ فیصلے کے بعد مس بیگم کے وکلا نے کہا کہ وہ اس فیصلے کو چیلنج کریں گے اور یہ کہ قانونی جنگ کہیں بھی ختم نہیں ہوئی۔ لندن میں اپیل کورٹ میں اس کی اپیل کی تین روزہ سماعت منگل سے شروع ہونے کی توقع ہے۔ 2019ء میں مس شمیمہ نے اپنی برطانوی شہریت کی منسوخی سے قبل 2015ء میں 15 سال کی عمر میں ایسٹ لندن کے بیتھنل گرین سے ترکی کے راستے نام نہاد داعش (آئی ایس) گروپ کے زیر کنٹرول علاقے کا سفر کیا تھا۔ نومبر 2022ءمیں پانچ روزہ سماعت کے دوران مس بیگم کے وکلا نے دلائل دیئے تھے کہ انہیں چائلڈ ٹریفکنگ کی وکٹم کے طور پر دیکھا جانا چاہئے تھااور یہ کہ ایک پرعزم اور موثر داعش پروپیگنڈہ مشین کے ذریعے وہ اپنی سہلیوں کے ساتھ قائل اور متاثر ہوئیں۔ اپنی رولنگ میں مسٹر جسٹس جے نے کہا تھا کہ یہ کیس بہت تشویش ناک اور مشکل تھا۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ یہ سیکرٹری آف اسٹیٹ کا موقف تھا کہ قومی سلامتی ایک اہم عنصر ہے اور انہیں اس سے آگے بڑھنے کیلئےایک بہت مضبوط جوابی معاملہ درکار ہوگا۔ معقول لوگ سیکرٹری آف سٹیٹ سے شدید اختلاف کریں گے لیکن اس سے وسیع تر سماجی اور سیاسی سوالات اٹھتے ہیں، جن کو حل کرنا اس کمیشن کا کردار نہیں ہے۔ اپیل کورٹ میں لیڈی چیف جسٹس لیڈی کار،لارڈ جسٹس بین اور لیڈی جسٹس وہپل کے سامنے سماعت صبح 10:30 بجے ہوگی۔