ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی اپیل بحال ہونے پر ضمانت بھی ہوگئی، اعظم نذیر تارڑ

October 26, 2023

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی اپیل بحال ہونے پر ضمانت بھی ہوگئی۔

اپنے بیان میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ العزیزیہ کیس میں پنجاب حکومت نواز شریف کی سزا معطل کرچکی ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے وکٹری کا نشان بنا کر دکھایا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلیں بحال کر دی ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی اپیلیں بحال کرنے کی درخواستیں منظور کرلیں، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپیلوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2 رکنی خصوصی بینچ نے نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت کی۔

نواز شریف کی اپیلیں بحال کرنے کی درخواستوں پر 4 بجکر 10منٹ پر فیصلہ محفوظ ہوا، فیصلہ محفوظ ہونے پر وکلا نے عدالتی عملے سے نواز شریف کےجانے کا پوچھا، جس پر عدالتی عملے نے کہا کہ نواز شریف فیصلہ آنے تک عدالت میں موجود رہیں، نواز شریف کی حفاظتی ضمانت سے متعلق تحریری فیصلے میں بتایا جائے گا۔

نواز شریف اپیلیں بحال ہونے کے بعد شہباز شریف کے ہمراہ ہائیکورٹ سے روانہ ہوگئے، نواز شریف کی اپیلیں بحال ہونے کے بعد اب باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کی جائیں گی۔