کے الیکٹرک کے صنعتی صارفین پر 3 روپے فی یونٹ کا بوجھ ڈال دیا گیا

November 03, 2023

---فائل فوٹو

کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کی جانب سے اپنے صنعتی صارفین پر 3 روپے فی یونٹ کا مزید اضافی بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نیپرا نے بھی اپنا فیصلہ جاری کر دیا ہے جس میں کے الیکٹرک کو صنعتی صارفین سے سبسڈی کی مد میں 3 روپے فی یونٹ واپس لینے کی اجازت دی گئی ہے۔

نیپر ا نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ سبسڈی دینے کا اختیار وفاقی حکومت کا ہے۔

نیپرا کے فیصلے کے بعد وفاقی حکومت بھی نوٹیفکیشن جاری کرے گی، نوٹیفکیشن کے بعد کراچی کے صنعتی صارفین سے رقم کی واپسی شروع کر دی جائے گی۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے جولائی تا دسمبر 2019ء انڈسٹریل ریلیف پیکیج کا اعلان کیا تھا، وفاقی حکومت کے پیکیج کا اطلاق پیک آورز اور آف پیک آورز کے لیے تھا۔

حکومت نے 22 جنوری 2020ء کو آف پیک آورز کے لیے رعایت کو ختم کر دیا تھا، اس فیصلے کے بعد کے الیکٹرک نے سبسڈی کی رقم کی وصولی شروع کر دی تھی۔

عدالت میں چیلنج ہونے پر سبسڈی کی وصولی روک دی گئی تھی۔