کراچی میں بارش،بجلی غائب،کالا پل پر بل بورڈ گر گیا

June 29, 2016

کراچی میں آج بھی کا لے بادلوں کا ایکشن رہا، گلشن اقبال، ملیر، لیاقت آباد، ناظم آباد، صدر، کلفٹن ،ڈیفنس سمیت کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی ، کالا پل پر بل بورڈ گرگیا۔

بارش کے فوراً بعد ہی تقریباً کراچی کے 50 فیصد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے، جبکہ گذشتہ روز سے کئی علاقوں میں بجلی بندہے، اب بھی کئی علاقوں میں بجلی بحال نہیں ہوسکی۔

اولڈ سٹی ایریا، کلفٹن، بہادرآباد، گلشن اقبال، ڈیفنس، ناظم آباد اور لیاقت آباد میں بجلی بند ہے جبکہ شدید بارش کے بعد شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، راشد منہاس روڈ، یونی ورسٹی روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا۔

بارش کے باعث قیوم آباد پل، حسن اسکوائر، کینٹ اسٹیشن کے اطراف سڑکوں پر شہری بےیارومددگار پھرتے رہے۔ بارش کی وجہ سے کالا پل پر بل بورڈ گرگیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اس سے پہلے بارش کو ترسے کراچی والوں کی دعائیں بالآخر رنگ لے آئی ہیں اورمون سون نے کراچی میں رنگ جمانا شروع کردیا ہے، آج مسلسل دوسرے روز کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئی ہیں ۔

کئی برسوں بعد مون سون کراچی میں بھی رنگ دکھانے لگا، دوسرے دن بھی بادل آئے، چھائے اور ٹوٹ کر برسے، پورے شہر میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔

کئی سال سے بارش نہ ہونے کی شکایت کرنے والے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے،بچوں کو بھی بارش میں نہانے کا موقع برسوں بعد ہی میسر آیا تھا،اس لیے ذرا دیر نہیں لگائی۔

بڑوں نے بھی طویل عرصے بعد یہ موقع ملنے پر کام بند کرکے گھر کی راہ لی، جس سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی سست ہوئی، آئی آئی چندریگر روڈ پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ،موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں کہ مون سون کی یہ جھڑی جمعے تک لگی رہے گی۔