اداکارہ تریشا سے متعلق تضحیک آمیز گفتگو، اداکار کیخلاف مقدمہ درج

November 22, 2023

کولاج فوٹو: فائل

جنوبی بھارتی اداکارہ تریشا کرشنن سے متعلق تضحیک آمیز گفتگو کرنے والے اداکار منصور علی خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق منصور علی خان کے خلاف ریاست تامل ناڈو کے شہر چنئی کی پولیس نے مقدمہ درج کیا۔

رپورٹ کے مطابق نیشنل کمیشن برائے خواتین کی ہدایت پر پولیس نے منصور علی خان کے خلاف بھارتی پینل کوڈ کی دفعات 354 اے (جنسی ہراسانی) اور 509 (جان بوجھ کر خواتین کی تضحیک کرنے) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

واضح رہے کہفلم لیو میں اپنی ساتھی اداکارہ تریشا کرشنن سے متعلق اداکار منصور علی خان نے ایک انٹرویو کے دوران تضحیک آمیز گفتگو کی تھی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔

اس کے ردِعمل میں اداکارہ تریشا کرشنن نے کہا تھا کہ میں منصور کے تبصرے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہوں۔ ان کے الفاظ سے عورت کی تضحیک، بےعزتی، بدسلوکی اور نفرت انگیزی کا مظاہرہ ہوتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ میں شکرگزار ہوں کہ میں نے ان جیسے افراد کے ساتھ اسکرین پر نہیں آئی اور خواہش ہے کہ ایسا کبھی نہ ہو۔

تنازع بڑھ جانے کے بعد منصور علی خان نے کہا تھا کہ ان کے تبصرے کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ میں خواتین کی عزت کرتا ہوں۔ کسی نے تریشا کو غصہ دلانے کےلیے غلط انداز میں اس تبصرے کو تریشا کے سامنے پیش کیا ہے۔

یہ تنازع اس وقت مزید سنگین ہوا جب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور نیشنل کمیشن برائے خواتین کی رکن خوشبو سندر بھی اداکارہ تریشا کے حق میں بول پڑیں۔

خوشبو سندر نے اداکار منصور علی خان کے خلاف کارروائی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

خوشبو سندر کا کہنا تھا کہ منصور علی خان کے اداکارہ سے متعلق تضحیک آمیز تبصرے کا معاملہ اپنے سینئرز کے سامنے اٹھایا ہے اور اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اس معاملے میں کوئی بچ نہیں پائے گا۔ ہم اس معاملے میں اداکارہ تریشا کرشنن کے ساتھ کھڑے ہیں۔