جنوبی بھارتی اداکارہ تریشا کرشنن سے متعلق تضحیک آمیز گفتگو کرنا اداکار منصور علی خان کو مہنگا پڑ گیا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رہنما اداکارہ کے حق میں بول پڑیں اور اداکار کے خلاف کارروائی کرنے کا اعلان کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلم لیو میں اپنی ساتھی اداکارہ تریشا کرشنن سے متعلق اداکار منصور علی خان نے ایک انٹرویو کے دوران تضحیک آمیز گفتگو کی تھی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔
اس کے ردِعمل میں اداکارہ تریشا کرشنن نے کہا تھا کہ میں منصور کے تبصرے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہوں۔ انکے الفاظ سے عورت کی تضحیک، بےعزتی، بدسلوکی اور نفرت انگیزی کا مظاہرہ ہوتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ میں شکرگزار ہوں کہ میں نے ان جیسے افراد کے ساتھ اسکرین پر نہیں آئی اور خواہش ہے کہ ایسا کبھی نہ ہو۔
تنازع بڑھ جانے کے بعد منصور علی خان نے کہا تھا کہ انکے تبصرے کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں خواتین کی عزت کرتا ہوں۔ کسی نے تریشا کو غصہ دلانے کےلیے غلط انداز میں اس تبصرے کو تریشا کے سامنے پیش کیا ہے۔
جہاں فلم لیو کے ڈائریکٹر لوکیش کنگراج، گلوکار چنمائی شری پڈا اور دیگر سیلیبریٹیز نے منصور علی خان کے تبصرے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے وہیں حکمراں جماعت بی جے پی کی رہنما اور نیشنل کمیشن برائے خواتین کی رکن خوشبو سندر بھی اداکارہ تریشا کے حق میں بول پڑیں۔
خوشبو سندر کا کہنا تھا کہ منصور علی خان کے اداکارہ سے متعلق تضحیک آمیز تبصرے کا معاملہ اپنے سینئرز کے سامنے اٹھایا ہے اور اسکے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس معاملے میں کوئی بچ نہیں پائے گا۔ ہم اس معاملے میں اداکارہ تریشا کرشنن کے ساتھ کھڑے ہیں۔
خوشبو سندر نے کہا کہ ہم خواتین کی حفاظت اور انکی عزت کےلیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے لڑ رہے ہیں۔