ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں ناکامی، اسلامیہ کالج ہاسٹل میں طالبعلم نے خودکشی کرلی

November 29, 2023

پشاور(نمائندہ جنگ) اسلامیہ کالج پشاورکے ہارڈنگ ہاسٹل میں مقیم طالبعلم نے مبینہ طور پرنشہ آورگولیاں کھاکر خودکشی کرلی ۔متوفی کا تعلق پاڑہ چنار سے تھا۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق مبشرعلی زویالوجی کا طالبعلم ہے جس نے 27نومبر کو ہاسٹل میں گولیاں کھا لی تھی جس سے اس کی حالت خراب ہوئی۔ طالبعلم مبشرکے دوست نے ہاسٹل کے کمرے میں طالبعلم کو بری حالت میں پایاجس کے بعد اسے وارڈن نے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا ۔ ہسپتال میں طالبعلم کے معدے کو صاف کیا گیاتاہم حالت تشویشناک ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر پر ڈالا گیاجہاں وہ گزشتہ روز دم توڑ گیا۔