دی ہیگ: جامعہ مدینۃ الاسلام میں تقسیم اسناد کا پروگرام

December 01, 2023

دی ہیگ ( راجہ فاروق حیدر) جامعہ مدینۃ الاسلام دی ہيگ کے زیر اہتمام مدرسہ عليميہ طيبہ ایمسٹرڈیم، مسجد انوار قبا يوتريخت ( UTRECHT ) اور مدرسہ مسجد الرضا الميرا ميں بنيادی اسلامی كورسز میں کامیاب ہونے والے طلبہ وطالبات کو تقسیم اسناد کی تقریب منعقد ہوئی۔مفتی اعظم ہالینڈ حضرت مولانا علامہ مفتی محمد شفيق الرحمٰن مصباحی کے دعائیہ کلمات سے مجلس کا آغاز ہوا۔ قاری عبد الرحيم نورانی نے تلاوت قران پاک پیش کی ،حافظ محمد اعجاز نے نبی کریم ﷺ کی شان میں اعلیٰ حضرت امام احمد رضاؒ کا لکھا کلام پیش کیا۔ بعد ازاں جامعہ کے استاذ مولانا محمد زعيم مصباحی نے علم کی فضیلت پر ڈچ زبان میں خطاب کیا۔انھوں نے اسلامی کورسز کے اغراض ومقاصد پر بھی روشنی ڈالی۔ جامعہ کے تعلیمی کوآرڈینیٹر دلشاد کلن نورانی نے کامیاب ہونے والے طلبہ وطالبات کا اعلان کرکے انہیں اسٹیج پر بلایا اور ان کے اساتذہ کرام کے ہاتھوں سے سرٹیفکیٹ سے نوازا۔ اس موقع پر مذکورہ اداروں کے ذمہ داران جامعہ طیبہ ایمسٹرڈیم كے صدر الحاج محمد فراز نورانی، علی شاه ہورن، الحاج مقصود، الحاج محمد شريف كشميری، حافظ بلال اسلم (استاذ جامعہ ہٰذا)،حضرت مولانا محمد انس الرحمٰن مصباحی عليمی (استاذ جامعہ عليميہ)، مولانا حفظ الرحمٰن مصباحی، مولانا نوشاد سہروردی، حافظ شفيع، اساتذہ مدرسۃ الرضا الميرا، مولانا سيد الٰہی بخش عليمی، اساتذہ مدرسہ مسجد انوار قبا، جامعہ كے ذمہ داران محمد فاضل كلن، محمد نظام اور شعبۂ نسواں كی نمائندگی کرتے ہوئے جامعہ كی معلمہ افشاں صديقی اور دیگر معلماتِ جامعہ بطورِخاص موجود تھے، یہ بات خاص طور پر قابلِ ذكر ہے کہ ٹاپ ٹین مین اکثر خواتين وبچیاں تھیں۔ مولانا محمد زعيم نے حاضرین کے سامنے اگلے مراحل کیلئےعالميت، امامت اور بنيادی اسلامی كورسز كے نصاب كو تفصیل سے پیش کیا اور کہا کہ جامعہ مدینۃ الاسلام کے عزائم اور اہداف کے حوالے سے کی جانے والی کوششیں اگر بار آور ہوئیں تو انشاء اللّٰہ تعليمی وتربيتی سطح پر ایک عظیم انقلاب برپا ہوگا۔ آخر ميں مفتی اعظم ہالینڈ مولانا علامہ مفتی محمد شفيق الرحمٰن مصباحی نے اپنے پیغام ميں جامعہ کے بانیان شہزادہ مبلغ اسلام قائدِ اہلسنت حضرت علامہ شاه احمد نورانی صديقیؒ، رئیس القلم حضرت علامہ ارشد القادریؒ اور روح رواں جانشینِ قائدِ اہل سنت، حضرت علامہ شاہ محمد انس نورانی صدیقی مدنی، مفكرِِ اسلام علامہ محمد قمر الزماں خان اعظمی، علامہ شاہد رضا نعيمی، حضرت قاری خير محمد چشتی، الحاج عبد السبحان مرحوم، الحاج اصغر علی مرحوم وغيرہ كو بھرپور خراج عقيدت پیش کرتے ہوئے جملہ اساتذہ، طلبہ، معلمات اور معاونين کیلئے خصوصی دعا کی ۔