آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت: سائفرکیس کی آج کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری

December 02, 2023

آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت نے سائفر کیس کی آج کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ سائفر کیس میں سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، شاہ محمود قریشی کو 4 دسمبر کو نقول فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔

آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے آج کی سماعت کا حکم نامہ جاری کیا۔

حکم نامہ میں کہا گیا کہ پبلک اور میڈیا عدالتی کارروائی کے دوران موجود تھے۔ سی آر پی سی کی سیکشن 352 پر مکمل عمل درآمد کیا گیا۔

اس تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو میڈیا کی موجودگی میں بولنے کی اجازت دی گئی اور میڈیا و پبلک کی موجودگی میں انہیں کافی وقت دیا گیا۔

اس میں مزید کہا گیا کہ آج سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی حاضری کےلیے کیس مقرر تھا۔

حکم نامہ میں یہ بھی کہا گیا کہ آج آرٹیکل 10 اے کی سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر دلائل بھی ہونے تھے۔ وکیل سکندر ذوالقرنین سلیم کی عدم موجودگی کی وجہ سے آج دلائل نہیں ہوسکے۔