حکومت کے نیچر پلانز کے تحت انگلینڈ میں نیا نیشنل پارک بنایا جائے گا

December 03, 2023

لندن (پی اے) انگلینڈ کو کنٹری سائیڈ ایریاز تک زیادہ رسائی اور تحفظ فراہم کرنے کیلئے نیچر پلانز کے حکومتی سیٹ کے حصے کے طور پر ایک نیا نیشنل پارک بنایا جائے گا۔ نیچرل انگلینڈ ممکنہ سائٹس کی فہرست پر غور کرے گا، جس میں چیلٹرنز،کوٹس وولڈز اور ڈورسیٹ شامل ہو سکتے ہیں۔ کچھ ماہرینِ ماحولیات نے اس خبر کا محتاط خیرمقدم کیا ہے کیونکہ نیشنل پارکس کیلئے حکومتی فنڈنگ حقیقی معنوں میں کم ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے سروس اور عملے میں کٹوتی کرنا پڑی ہے۔ متعدد محفوظ مناظر کیلئے 15ملین پونڈ مالیت کی اضافی فنڈنگ کا بھی اعلان کیا گیا ہے اور اسے انگلینڈ کے 10موجودہ نیشنل پارکس اور 34نیشنل لینڈ سکیپس کے ذریعے شیئر کیا جائے گا، جو پہلے ایریاز آف سٹینڈنگ نیچرل بیوٹی کے نام سے جانے جاتے تھے یہ پیکیج 2019کے جائزے کیلئے حتمی حکومتی رسپانس کا نتیجہ ہے، جس میں تنقید کی گئی ہے کہ اس طرح کے محفوظ مناظر کو کس طرح منظم اور فنڈز فراہم کئے گئے۔ لینڈ سکیپس ریویو کے مصنف جولین گلوور، جنہوں نے چلٹرنز، ‘ کوٹس وولڈز اور ڈورسیٹ میں تین نئے نیشنل پارکس بنانے کا مطالبہ کیا تھا، کا کہنا ہے کہ وہ اس خبر پر انتہائی مسرور ہیں کہ حقیقی ترقی کو کچھ اضافی رقم کے ساتھ سپورٹ حاصل ہوئی ہے تاکہ ہمارے نیشنل لینڈ سکیپس کی مدد کی جا سکے۔ نیشنل پارک لوگوں اور نیچر کیلئے زیادہ کام کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ایسی خوبصورت جگہیں ہیں، جو ہماری روحوں کو پروان چڑھاتی ہیں اور یہ زندگی سے بھرپور ہونی چاہئیں لیکن اب ہمیں ایک ایسی قوم کی حمایت کرنے کیلئے نئے اور بڑے عزائم تلاش کرنے کی ضرورت ہے، جو اس کی ترقی کو مہمیز دےلیکن نیشنل پارکس مہم کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر روز اونیل کا کہنا ہےکہ موجودہ پارکس کو 2010 سے حقیقی معنوں میں فنڈنگ میں40فیصد کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور انہیں مالی طور پر پریشان کیا جا رہا ہے۔ آج کی سرمایہ کاری مختصر مدت میں بوجھ کو کسی حد تک کم کرنے کیلئے کی جائے گی لیکن اگلا بحران بالکل قریب آ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نیشنل پارکس کی بنیادی گرانٹس میں حقیقی معنوں میں کمی ہوئی تھی، جس کی وجہ سے ملک بھر کے پارکوں کو سٹاف کی سطح اور وزیٹرز سروسز میں کمی کرنا پڑی تھی۔ ڈارٹمور نیشنل پارک کے چیف ایگزیکٹو کیون بشپ نے کچھ تحفظات کے ساتھ اس خبر کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ایک نیا نیشنل پارک برطانیہ کیلئے اچھی خبر ہے۔ یہ ہماری معیشت اور ہمارے ماحول کیلئے بھی شان دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری تجویز یہ ہے کہ نئے نیشنل پارک کو ملنے والی رقم موجودہ نیشنل پارکس کو دی جانے والی گرانٹس کے مقابلے میں زیادہ ہونی چاہئے۔ اگرچہ انہوں نے بڑے منصوبوں کیلئے 15 ملین پونڈ کی نئی فنڈنگ کا خیرمقدم کیا لیکن کہا کہ جس چیز کی ان پارکس کو واقعی ضرورت ہے وہ روزانہ کے جاری اخراجات کیلئے زیادہ رقم ہے۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ واقعی ہمیں گرائونڈ پر موجود سٹاف کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے ریونیو فنڈنگ کی ضرورت ہے۔ انگلینڈ میں ایک نیا قومی پارک قائم کرنا کنزرویٹیو منشور کا عزم تھا۔ اگلے سال پارلیمنٹ ایکٹ کے 75 سال مکمل ہو رہے ہیں، جس نے ان کی تخلیق کی اجازت دی تھی۔ انگلینڈ 2010 میں نیشنل پارک ساؤتھ ڈاؤنز بنایا گیا تھا جو ملک میں سب سے آخری پروجیکٹ تھا۔ ویلز اور سکاٹ لینڈ بھی ایک ایک نیا نیشنل پارک بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انوائرمنٹ،فوڈ اینڈ ررول افیئرز کے نئے سیکرٹری سٹیو بارکلے کی جانب سے کیا جانے والا بدھ کا اعلان ایک ایسے عمل کا آغاز ہے، جس میں پانچ سال لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ واقعی ہمارے طرز زندگی کا ایک اہم حصہ ہیں اور اسی وجہ سے ہم ایک نئے نیشنل پارک کیلئے یہ مسابقت شروع کر رہے ہیں اور اب ہم اس سے بھی مزید آگے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال 5 ملین پونڈ اضافی فنڈنگ اور اس سے اگلے سال 10 ملین پونڈ کی اضافی فنڈنگ ہوگی۔ سٹیو بارکلے نے مزید کہا کہ ہماری حکومت نیچر کے زوال کو روکنے اور ہمارے غیر معمولی مناظر کے کم از کم 30 فیصد حصے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے عزم کو پورا کرے گی۔ حکومت نے کہا کہ اعلان کردہ 15 ملین پونڈ کی نئی فنڈنگ میں سے 10 ملین پونڈ اگلے سال جاری کئے جائیں گے جبکہ رواں سال 5 ملین پونڈ فنڈنگ پاٹ میں دستیاب ہوں گے، جس سے نیشنل پارک کے حکام دریاؤں،جھیلوں اور واٹر کوالٹی کو بہتر بنانے کے سلسلے میں فنڈنگ کیلئے بڈ بھی دے سکتے ہیں۔ ای ایل ایم ایس فارم پےمنٹس سکیمز کے تحت 34 نئے لینڈ سکیپس ریکوری پروجیکٹس شروع کئے جائیں گے، جن سے 200,000 ہیکٹر اراضی کو نیچر اور پائیدار خوراک کی پیداوار کو فائدہ پہنچانے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ 2.5 ملین پونڈ کی مزید فنڈنگ پسماندہ نوجوانوں کو دیہی علاقوں تک رسائی میں مدد دینے کیلئے استعمال کی جائے گی جبکہ 750000 پونڈ کی خطیر رقم سے انگلینڈ کے معتدل رین فاریسٹس کے تحفظ پر ریسرچ کی جائے گی۔ اپوزیشن لیبر پارٹی کے شیڈو انوائرمنٹ سیکرٹری سٹیو ریڈ نے کہا کہ یہ کنزرویٹو ہی ہے، جس کے دور حکومت میں برطانیہ دنیا میں نیچر سے سب سے زیادہ محروم ملکوں میں سے ایک بن گیا ہے۔