الیکشن 8 فروری کو، اس پر کوئی دوسری رائے نہیں: مرتضیٰ سولنگی

December 07, 2023

نگراں وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی---فائل فوٹو

نگراں وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ الیکشن 8 فروری کو ہیں، اس پر کوئی دوسری رائے نہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں امن و امان کے مسائل ہیں، ملک میں اس سے زیادہ خراب صورتِ حال رہی ہے الیکشن ہوئے ہیں۔

مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن اس سے پہلے سردی کی بات کرتے تھے، دسمبر میں بھی انتخابات ہوئے ہیں، فروری سے زیادہ سردی دسمبر میں ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کے قریب خود کو مظلوم ثابت کرنا ہر سیاسی جماعت کی مجبوری بن جاتی ہے، ن لیگ شکایت کرتی ہے کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی۔

وزیرِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی بھی شکایت کرتی ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، اگر کوئی جائز شکایت ہے تو میڈیا، عدالت اور الیکشن کمیشن فورمز ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت کی بنیادیں تب تک ٹھیک نہیں ہوں گی، جب تک مسائل حل نہیں ہوں گے، معیشت ایک دن میں خراب نہیں ہوئی ٹھیک بھی ایک دن میں نہیں ہو گی۔

ان کا کہنا ہے کہ فواد حسن فواد کی بریفنگ دیکھ لیں معاملات تیزی سے بہتری کی طرف جا رہے ہیں، نج کاری فہرست وہی ہے جو گزشتہ حکومت ہمیں دے کر گئی ہے، ملک میں اچھی چیزیں بھی ہو رہی ہیں اوور بلنگ کی رپورٹ نیپرا نے دی ہے، اوور بلنگ کی رپورٹ نیپرا نے دی تو اس کا مطلب ہے کہ ادارہ کام کر رہا ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اطلاعات سندھ سے ملاقات ہو گی تو ان سے پوچھوں گا کس نے سرکاری گاڑی واپس نہیں کی، جس طرح لوگوں کا حال ہے، وزراء اور سرکاری اہلکاروں کو خیال کرنا چاہیے۔

ملک کو چلانا منتخب حکومتوں کا کام ہوتا ہے:مرتضیٰ سولنگی

دوسری جانب سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ احمد شاہ کو مبارک باد دینے آیا ہوں، کوشش ہے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان رابطوں کا فقدان نہ ہو، ہم مل کر کام کریں گے اور مشترکہ حکمت عملی اپنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو چلانا منتخب حکومتوں کا کام ہوتا ہے، ہم ملک بہتر حالت میں منتخب حکومت کو دے کر جائیں گے، الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے عدالت کا کام نہیں، ہم نے الیکشن انعقاد میں مدد کرنی ہے جو ہم کریں گے۔

مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کراچی میں دلچسپی لیتے ہیں، ماضی میں تو چار سال وزیرِ اعظم رہنے والے ایک رات بھی کراچی میں نہیں گزارتے تھے، نگراں وزیرِ اعظم کراچی میں رات بھی رکتے ہیں اور میڈیا سے بھی بات کرتے ہیں۔

نگراں وزیرِ اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کے مواقعوں پر امن و امان سے متعلق ہمیشہ خدشات رہتے ہیں، ادارے ان خدشات کو سیریس لیتے ہیں اور اس پر کام بھی کرتے ہیں۔