وفاق اور پنجاب میں ن لیگ کی حکومت بنے گی، اسحاق ڈار

February 09, 2024

اسحاق ڈار : فوٹو فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اگر اللّٰہ تعالیٰ نے چاہا تو وفاق اور پنجاب میں ن لیگ کی حکومت بنے گی، میاں نواز شریف ہی مسلم لیگ ن کے وزیراعظم کے امیدوار ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران اسحاق ڈار سے صحافی نے سوال کیا کہ وفاق اور پنجاب دونوں میں حکومت بنانےجا رہے ہیں؟ جس کا جواب دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ جی ان شاء اللّٰہ، جو اللّٰہ کو منظور ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اس وقت ن لیگ قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ سیٹیں جیتنے والی جماعت ہے، پنجاب میں ن لیگ اکثریتی جماعت ہے، وفاق اور پنجاب میں جہاں ہمیں ضرورت ہوگی پارٹنرز کو لیں گے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کئی آزاد امیدوار ن لیگ میں شامل ہونا چاہتے ہیں، آئین آزاد ارکان کو اجازت دیتا ہے کہ 72 گھنٹے میں وہ کسی پارٹی میں شامل ہوجائیں۔

اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ کچھ آزاد امیدوار جو جیتے ہیں وہ رابطہ بھی کر رہے ہیں۔

Pakistan election 2024 | Election 2024 Constituencies | Election 2024 candidates