غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد ویٹو، حماس کی امریکہ پر تنقید

February 23, 2024

غزہ ( نیوز ڈیسک)حماس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں الجزائر کی جانب سے پیش کی گئی غزہ جنگ بندی کی قرارداد کو ناکام بنانے پر امریکا کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد ناکام بنانے کا ذمہ دار امریکی صدر جوبائیڈن کو ٹھہرایا ہے۔حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قرارداد کو ویٹو کرکے امریکہ نے فلسطینیوں کا قتلِ عام کرنے کے لیے اسرائیل کو گرین سگنل دیا ہے۔بیان میں صیہونی ریاست کا بہادری سے مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا گیا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن اور ان کی انتظامیہ اسرائیل سے دوستی نبھا رہے ہیں۔یاد رہے کہ امریکہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں الجزائر کی غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کردیا حالانکہ اس قرارداد کے حق میں 13ارکان نے ووٹ ڈالے تھے اور برطانیہ نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا۔یہ مسلسل تیسری بار ہے جب امریکا نے غزہ میں جنگ بندی کے حق اور اسرائیل کے خلاف قرارداد کو ویٹو کیا ہو۔