پی ایس ایل 9 سے کچھ خاص خاص

February 25, 2024

پی ایس ایل سیزن نائن میں ابتدائی 8 میچوں میں مجموعی طور پر 310.3 اوورز میں89 وکٹوں کے عوض 2 ہزار694رنز بنائے جاچکے ہیں۔ تادم تحریر اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہورقلندرز کو10 گیندوں قبل8 وکٹوں سے شکست دی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاورزلمی کو16 رنز، ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 55رنز،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہورقلندرز کو5 گیندوں قبل 5وکٹوں، ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کوایک گیند قبل5 وکٹوں، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو19گیندوں قبل7 وکٹوں، ملتان سلطانز نے لاہورقلندرز کو 6 گیندوں قبل5 وکٹوں اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 10 گیندوں قبل 3 وکٹوں سے شکست دی۔

لاہورقلندرز کے خلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جیت میں اہم کرداراداکرنے والے خواجہ نافع نے محض 31گیندوں پر 60رنز کی اننگز کھیلی ،30 سے زائد گیندوں کی اننگز میں صرف ایک ڈاٹ بال کھیلنے والے پہلے کھلاڑی بنے۔

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے 3ہزاررنز کا سنگ میل عبور کیا، وہ پی ایس ایل کی تاریخ میں 3ہزاررنز اسکور کرنے والے پہلے بیٹر بن گئے ہیں، انہوں نے 80 اننگز میں 3004 رنز اسکور کرلیے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے سلمان علی آغا نے 26 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ ملتان سلطانز کے افتخار نے لاہور قلندرز کے زمان خان کے چوتھے اور میچ کے انیسویں اوور میں یکے بعد دیگرے تین چوکے اور دوچھکے لگاکر ملتان کو فتح سے ہمکنار کیا۔ زمان خان کے اس اوور میں 24رنز بنے جو ابتک پی ایس ایل کا مہنگا ترین اوور ہے۔

رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی جیت لیگ کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو55رنز سے شکست دیکر حاصل، اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کے خلاف ابتدائی میچ میں2وکٹوں کے نقصان پر 200رنز بنائے جس میں 4بائیز، 8 لیگ بائیز، 8وائڈ اورایک نوبول کے رنز سمیت21اضافی رنز دئیے گئے جو ابتک اضافی رنز میں سب سے زیادہ ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے آغا سلمان نے3 میچوں میں74.5 کی اوسط سے 149 رنز بنائے ہیں جس میں ان کا ہائی اسکور 64رنز ناٹ آئوٹ ہے، لیگ میں ابتک کوئی بھی بیٹسمین سینچری نہیں بناسکا جبکہ17نصف سینچریاں بن چکی ہیں۔

بابراعظم،آرآر ہینڈرکس،آغا سلمان،صاحبزادہ فرحان اور وینڈرڈوسن نے دو دو مرتبہ نصف سینچری بنانے کا کارنامہ سرانجام دیا ہے جبکہ شعیب ملک، خواجہ نافع ، ڈی جے ملان، محمدرضوان،جیسن روئے،سعود شکیل اورشاداب خان نے ایک ایک نصف سنچری بنائی ہے۔ لیگ میں12کھلاڑی کوئی رن نہیں بنا سکے جس میں ڈی جے ملان دو مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں۔ سنچری پارٹرشپ 3مرتبہ بنائی جاچکی ہیں، ابتک بلند و بالا98چھکے لگائے جاچکے ہیں جبکہ225 زوردار چوکے بھی لگائے گئے ہیں۔

سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولرملتان سلطانز کے ایمرجنگ کرکٹر محمد علی ہیں جنہوں نے3 میچوں میں72 گیندوں یعنی 12اوورز پھینک کر70رنز کے عوض8وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وکٹ کے پیچھے ابتک 10 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔ سرفرازاحمد وہ واحد وکٹ کیپر ہیں جنہوں نے3میچوں میں4 بیٹسمینوں کو کیچ آئوٹ کیا ہے۔فیلڈنگ کے اعتبار سے47کیچ لئے جاچکے ہیں جس میں سب سے زیادہ6کیچ جیسن روئے نے کئے ہیں، ایک اننگز میں سب سے زیادہ3 کیچ بھی جیسن روئے کے ہی ہیں۔